کور کمانڈر کانفرنس ،دھمکی یا طاقت سے ہمارا عزم متزلزل نہیں کیا جاسکتا ،فوج نگرانی اور چوکسی کی موجودہ حالت برقرار رکھے ،جنرل قمر جاوید باجوہ

قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدتیز کرنے کیلئے حکومتی فیصلوں کے مطابق کوششیں جاری رکھی جائیں ،پالیسی اور طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کا دائرہ اختیار رہے گا ،سربراہ پاک فوج عسکری قیادت کا کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کیخلاف مادر وطن کے بھر پور دفاع کا عزم

جمعرات 7 مارچ 2019 17:57

کور کمانڈر کانفرنس ،دھمکی یا طاقت سے ہمارا عزم متزلزل نہیں کیا جاسکتا ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2019ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہدھمکی یا طاقت سے ہمارا عزم متزلزل نہیں کیا جاسکتا ،فوج نگرانی اور چوکسی کی موجودہ حالت برقرار رکھے، پالیسی اور طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کا دائرہ اختیار رہے گا ،قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدتیز کرنے کیلئے حکومتی فیصلوں کے مطابق کوششیں جاری رکھی جائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 219 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جمعرات کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقدہوئی۔ اجلاس کے دوران جیواسٹریٹجک ماحول اور پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ عسکری قیادت نے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کیخلاف مادر وطن کے بھر پور دفاع کے عزم کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کی جانب سے مظالم میں اضافے اور قابض بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی کے ساتھ رہائش پذیر شہریوں کو جان بوجھ کر مسلسل نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ اس طرح کے واقعات آگ کو بھڑکا رہے ہیں انہیں خطے کے مفاد میں روکے جانے کی ضرورت ہے ۔یہ صورتحال عالمی توجہ کا تقاضا کرتی ہے کور کمانڈرز کانفرنس نے نیشنل ایکشن پلان 2014 پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلح افواج کے بلند جذبے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کو قوم کی حمایت اور سب سے بڑھ کر اللہ کی رحمت حاصل ہے انہوں نے نگرانی اور چوکسی کی موجودہ سطح کو برقراررکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی خطرے سے نمٹا جا سکے ۔ پاک فوج کے سربراہ نے ہدایت کی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدتیز کرنے کیلئے حکومتی فیصلوں کے مطابق کوششیں جاری رکھی جائیں اور ریاستی اداروں کو بھر پور معاونت فراہم کی جائے ۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن استحکام اور ترقی کی راہ پر پیش رفت کر رہا ہے ۔ کوئی بھی دھمکی یا طاقت کے استعمال کے ذریعے ہمارے عز م کو متزلزل نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی اور طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کا دائرہ اختیار رہے گا ۔