سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے کینیڈین ڈپٹی وزیر خارجہ ایان شوگرٹ کا ٹیلی فونک رابطہ

موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث 7مارچ کو اوٹاوہ کے دورہ منسوخی کے بارے میں آگاہ کیا،پاکستانیوں کو کینیڈین ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیال

جمعرات 7 مارچ 2019 22:30

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے کینیڈین ڈپٹی وزیر خارجہ ایان شوگرٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2019ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے کینیڈین ڈپٹی وزیر خارجہ ایان شوگرٹ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ سیکریٹری خارجہ نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث 7مارچ کو اوٹاوہ کے دورہ منسوخی کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ پاکستانیوں کو کینیڈین ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا دورہ اوٹاوہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری خارجہ سے کینیڈین ڈپٹی وزیر خارجہ نے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ گفتگو کے دوران دوطرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنی7مارچ کے دورہ اوٹاوہ کی منسوخی پر کینیڈین ڈپٹی وزیر خارجہ کو اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ ان کا دورہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث منسوخ ہوا ہے، تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانیوں کو کینیڈین ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا، اس موقع پر کینیڈین ڈپٹی وزیر خارجہ نے کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا، پاک بھارت مسائل سفارتی طریقے سے حل کرنے کا حامی ہے۔