سیاسی میدان سے لے کر مسلح افواج کھیل اور تفریح تک ہر شعبہ زندگی میں ہماری خواتین بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، وزیر خارجہ

خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے ہماری سوچ اور عزم واضح ہے ،تمام حقوق کی فراہمی اور تحفظ کے لئے کاربند ہیں ، شاہ محمود قریشی

جمعہ 8 مارچ 2019 16:21

سیاسی میدان سے لے کر مسلح افواج کھیل اور تفریح تک ہر شعبہ زندگی میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی میدان سے لے کر مسلح افواج کھیل اور تفریح تک ہر شعبہ زندگی میں ہماری خواتین بھرپور کردار ادا کررہی ہیں،خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے ہماری سوچ اور عزم واضح ہے،موجودہ حکومت تعلیم سمیت خواتین کو تمام حقوق کی فراہمی اور ان کے تحفظ کے لئے کاربند ہے ۔

جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج ہم پوری دنیا بالخصوص پاکستان میں خواتین کی مختلف شعبوں میں شاندار کامیابیوں اور کارہائے نمایاں کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے اپنے پختہ عزم ذہانت اور جہد مسلسل سے دنیا میں اپنی شناخت قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سماجی اور معاشی مشکلات کے باوجود ہماری خواتین نے قومی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کرایا اور نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی میدان سے لے کر مسلح افواج کھیل اور تفریح تک ہر شعبہ زندگی میں ہماری خواتین بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قیادت میں ہماری خواتین نے تحریک پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی دو مرتبہ منتخب وزیراعظم بنیں جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مثبت تشخص ملا۔

انہوںنے کہاکہ محترمہ عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کی علمبرداراور حکومت کی کڑی ناقد کے طور پر معروف ہوئیں۔ انہوںنے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے تعلیم کے لئے اپنی تڑپ سے اپنے خاندان اور ملک کو پوری دنیا میں ایک نئی شناخت دی اور علم کی تحریک برپا کی۔ انہوںنے کہاکہ تئیس سالہ ثمینہ نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر پاکستانی پرچم لہرا کر عزم و ہمت کا نیا باب لکھا۔

انہوںنے کہاکہ بہاولپور کی عائشہ فاروق نے فائٹر جیٹ اڑانے کے خواب کو اپنی جستجو سے تعبیر دی اور پاک فضائیہ کا حصہ بن کر پاکستانی خواتین کے جذبوں کو بڑھا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بپسی سدھوا، بانو قدسیہ، شہرزادیعالم اور زبیدہ آغا نے علم وادب و فنون لطیفہ میں مقام ومرتبہ پایا۔ انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل رائٹس کی بانی نگہت داد، سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کی صدرجہان آراء اور کلثوم لاکھانی ثابت کر رہی ہیں کہ ٹیکنالوجی اور کاروبار میں بھی ہماری خواتین کسی سے پیچھے نہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی خواتین نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی پیشہ بنانا لیاقت اور محنت سے مقام بنایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فیصلہ سازی اور اس پر عمل درآمد میں بھی خواتین گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے ہماری سوچ اور عزم واضح ہے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت تعلیم سمیت خواتین کو تمام حقوق کی فراہمی اور ان کے تحفظ کے لئے کاربند ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ خواتین کو معاشرے میں ان کا حقیقی مقام دلانے کے لئے حکومت اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔