آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

سرفراز احمد کی جگہ شعیب ملک ٹیم کی کپتانی کریں گے،عمراکمل کی ٹیم میں واپسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 مارچ 2019 16:27

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8مارچ 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے، سرفراز احمد کو آرام دیا گیا ہے جبکہ شعیب ملک اس ٹور میں ٹیم کی کپتانی کریں گے ، عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے فاسٹ باﺅلرمحمد حسنین کو پہلی مرتبہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 22 مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہی ہے،قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو اس سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے جن کی جگہ شعیب ملک قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے،آسٹریلیا کے خلاف سکواڈ میں عابد علی جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور سرفراز احمد کی غیرموجودگی میں وکٹ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، حارث سہیل، عماد وسیم، عمر اکمل، شان مسعود، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز 22 سے 31 مارچ تک یو اے ای میں ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 22 اور دوسرا 24 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، سیریز کا تیسرامیچ 27 مارچ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جب کہ چوتھا اور پانچواں ون ڈے میچ 29 اور31 مارچ کودبئی میں شیڈول ہے۔

ورلڈ کپ سے قبل شیڈول اس سیریز کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سیریز کے نتائج سے میگا ایونٹ کی تیاریوں کا اندازہ ہونے کے ساتھ کھلاڑیوں کی خوبیوں اور خامیوں کا بھی علم ہو جائے گا۔