سپیکر پنجاب اسمبلی کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ،

نواز شریف کی صحت ،علاج کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ن) لیگ نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ،نواز شریف کی صحت پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دینگے ‘گفتگو وزیر قانون راجہ بشارت نے وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نواز شریف کے علاج کیلئے جاری ہدایات سے آگاہ کیا

جمعہ 8 مارچ 2019 16:53

سپیکر پنجاب اسمبلی کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2019ء) سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے علاج معالجے سے متعلق سپیکر پنجاب اسمبلی کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انکی صحت اور علاج کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی قائم کردہ کمیٹی کے پنجاب اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر قانون ، پارلیمانی امور و بلدیات راجہ محمد بشارت اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد شریک ہوئیں جبکہ مسلم لیگ (ن ) کی طرف سے ملک محمد احمد خان ، خواجہ سلمان رفیق اور سمیع اللہ خان شریک تھے ۔

اجلاس میںمسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے علاج کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا۔(ن) لیگ کی جانب سے ایوان کی قائم کردہ کمیٹی کو بائی پاس کرنے پر وزیر قانون سے شکایت کی گئی اور کہا گیا کہ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کل پریس کانفرنس کرکے ہاس کو بے توقیر کیا ہے،(ن) لیگ نواز شریف کی صحت کے معاملے پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر قانون راجہ بشارت نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نواز شریف کے علاج کیلئے جاری ہدایات سے (ن)لیگ کے ارکان کو آگاہ کیا۔کمیٹی کے اجلاس میں حکومت نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت نواز شریف کو ملک کے اندر علاج کیلئے ہر طر ح کی سہولت دینے کیلئے تیار ہے۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے علاج کیلئے اپوزیشن سے بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف کے علاوہ چالیس ہزار قیدی اور بھی ہیں ان کے علاج پر کیوں آواز نہیں اٹھائی جاتی ۔