Live Updates

گواہ ہوں،عمران خان نوازشریف کو رگڑا لگا کرخوش ہوتا ہے،جاوید ہاشمی

عمران خان کے ذہن میں نوازشریف کیلئے ذاتی انتقام ہے،علاج کی سہولت دینا ہرمریض کا حق ہے، عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں جو کسی کے کہنے پر کام کرتے ہیں۔مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنماء جاوید ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 8 مارچ 2019 19:07

گواہ ہوں،عمران خان نوازشریف کو رگڑا لگا کرخوش ہوتا ہے،جاوید ہاشمی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مارچ 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ گواہ ہوں،عمران خان نوازشریف کو رگڑا لگا کرخوش ہوتا ہے،عمران خان کے ذہن میں نوازشریف کیلئے ذاتی انتقام ہے،علاج کی سہولت دینا ہرمریض کا حق ہے، عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں جو کسی کے کہنے پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل کو گوانتاموبے سے بدتربنا دیا گیا ہے۔

نوازشریف قانون کی نظر میں معصوم ہیں انہوں نے کرپشن نہیں کی ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی طبیعت ناساز ہے۔نوازشریف کو جیل میں علاج کی سہولیات نہیں دی جا رہی ہیں۔لیڈرز کوبیرون ملک علاج کیلئے بھیجا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

شہید بے نظیر بھٹو کے کان میں درد تھا ، بیگم نصرت کو کینسر کا مرض لاحق تھا ان کو بیرون ملک علاج کی اجازت دی گئی،مریض کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنا علاج جہاں چاہے کروا سکے، لیکن نوازشریف نے کبھی مطالبہ نہیں کیا کہ ان کا علاج لندن میں کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگ مجھے بتائیں کہ پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کون سی ہے؟ اس میں کوئی شک نہیں مسلم لیگ ن پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔اس کے باوجود عوام نے نوازشریف اور شہبازشریف کو ووٹ دیا کہ ان کو معلوم بھی تھا کہ سیاست کچھ قوتیں ان کو باہر نکالنا چاہتی ہیں۔جب عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا تواس کے نتیجے میں نوازشریف کا احترام اور ان کوعلاج معالجے کی سہولتیں زیادہ دی جانی چاہیے تھیں۔

انہو ں نے کہا کہ میں گواہ ہوں کہ عمران خان کو نوازشریف کو رگڑا لگانے اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا شوق ہے۔عمران خان کے ذہن میں نوازشریف کیلئے ذاتی انتقام ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں جو کسی کے کہنے پر کام کرتے ہیں۔عمران خان خود اپنی مرضی کے ایمپائر کھڑے کر کے گیم کھیلتا ہے، جبکہ الزام دوسروں پر لگاتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات