سردار مسعود خان بھارتی فوج کی گولہ باری کے متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے لائن آف کنٹرول کے چڑی کوٹ سیکٹر میں پہنچ گے

لائن آف کنٹرول کے قریب آباد شہریوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود جس جرات اور بہادری سے اپنے ملک کی افواج کا ساتھ دیا اور دفاع وطن کے لئے قربانیاں دی وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی، صدر آزاد جموں وکشمیر

جمعہ 8 مارچ 2019 20:20

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان بھارتی فوج کی گولہ باری کے متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے لائن آف کنٹرول کے چڑی کوٹ سیکٹر میں پہنچ گے۔ چڑی کوٹ پہنچنے پر عوام علاقہ، پاک فوج کے اعلیٰ حکام ، پونچھ اور حویلی کی ضلعی انتظامیہ نے صدر سردار مسعود خان کا خیر مقدم کیا۔

چڑی کوٹ پہنچنے پر پولس ، سر کوٹ، نکر کوٹ، سیڑھیاں اور تروٹی کے دیہات میں بھارتی فوج کی بلا جواز فائرنگ سے متاثر ہونے والوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے شہریوں کے عظیم جذبے اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب آباد شہریوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود جس جرات اور بہادری سے اپنے ملک کی افواج کا ساتھ دیا اور دفاع وطن کے لئے قربانیاں دی وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشوار گزار پہاڑوں کی چوٹیوں پر یخ بستہ موسم میں وطن کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو پوری قوم کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاک فوج ہی ہے جودشمن کے مورچوں کے سامنے ڈٹی ہوئی ہے اور جس کی وجہ قوم کا ہر فرد رات کو چین کی نیند سوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جو پاکستان کے خلاف جارحیت کی اس کا پاک فوج نے منہ توڑ نہیں بلکہ بھارتی حکمرانوں کے تصور سے بڑھ کر جواب دیا جس کی وجہ سے پوری قوم میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا ہو گیا ہے۔

بھارت کا یہ خیال تھا کہ اس کا مقابلہ پاکستان کی فوج کے ساتھ ہو گا لیکن اب اسے معلوم ہو گیا ہے کہ اس کا مقابلہ فوج کے ساتھ ساتھ پاکستان کی قوم سے بھی ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والے شہریوں کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت، آزادکشمیر کی حکومت اور افواج پاکستان مل کر ترجیحی بنیاد وں پر متاثرین کی مدد کریں گے اور انہیں کسی صورت میں مصیبت کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پاکستان کی دفاعی فصیل ہے اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والے آزادکشمیر کے شہری وطن کے بے وردی سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دورہ چڑی کوٹ کے موقع پر لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کے متاثرین کے لئے جس پیکج کا اعلان کیا تھا اس کے مطابق شہریوں کے گھروں کے قریب پختہ مورچوں کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے جبکہ معاوضہ جات کو بڑھانے کے معاملہ پر بھی عملدرآمد جلد ہو گا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر ابتدائی طبی امداد مراکزکے قیام اور فون سروس کی فراہمی کے علاوہ لائن آف کنٹرول کے قریب سے بے گھر ہونے والوں کو متبادل زمین مہیا کرنے کے معاملات کو حکومت آزادکشمیر مروجہ قوانین کی روشنی میں ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ صدر آزادکشمیر نے پونچھ اور حویلی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والوں کے مصدقہ اعداد و شمار حکومت آزادکشمیر کو فراہم کریں تاکہ ان کی ریلیف اور بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حویلی اور پونچھ نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ ریلیف پیکج ملنے کے فوراً بعد علاقے کے سکولوں کی تعمیر اور صحت کی سہولیات کی فراہمی جس میں ہر علاقے کے لئے ایمبولینس سروس بھی شامل ہے پر کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران 24رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ کچھ مکانات اور دکانوں کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع حویلی میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو معاوضہ جات فراہم کرنے کا کوئی کیس اس وقت زیر التوا نہیں ۔