لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کی بیوہ نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں بچوں کے امرا ض کے وارڈ کا سنگ بنیاد رکھ کر مرحوم کی دیرینہ خواہش پوری کردی

بیٹی عظمی گل کو منصوبے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دیدی گئی

جمعہ 8 مارچ 2019 20:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2019ء) آئی ایس آئی کے سابق سر براہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل ( مرحوم ) کی خواہش پوری کرتے ہوئے ان کی بیوہ افسر شہناز گل نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں بچوں کے امراض کے وارڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،عظمی گل کو منصوبہ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دیدی گئی ہے ، بینظیر بھٹو ہسپتال میں سادہ اور پروقار تقریب میں ان کی صاحبزادی عظمی گل ، داماد یوسف گل اور ان کے دیگر فیملی ممبران کے علاوہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناصر محمود ، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر محمد ظفر اقبال ، ڈاکٹر سعید انور شاہ ، ڈاکٹر امداد آسی ، ہسپتال کے عملہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی ، منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا۔

پہلے فیز میں ایک سو بیس بیڈ اورعملہ کے کمروں ویٹنگ رومز اور فلی ائیر کنڈیشن کے چلڈرن وارڈ منصوبہ پر چار کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

اور اس پر حمید گل فیملی ہی اخراجات برداشت کرے گی ۔ اس موقع پر افسر شہناز گل نے کہا کہ جنرل حمید گل اور میری سوچ تھی کہ اس ملک کے شہریوںکا ہم پر حق ہے اور یہ فرض ہم نے دوران سروس اور بعد از سروس سیاسی، سماجی سطح اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنی بہترین قوت اور جذبہ سے نبھایا۔

میں33سال سے مسلسل بیماری کا شکار ہوں اور مسلسل علاج کے عمل سے گزر رہی ہوں ، جنرل حمیدگل اور میری شدید خواہش تھی کہ عام شہریوں کو بھی علاج کی جدید سہولیات میسر ہوں ، اسی تناظر میں بینظیر بھٹو ہسپتال میں عالمی معیار کے مطابق بچوں کے علاج معالجہ کے لئے خصوصی وارڈ کے قیام کیلئے آج سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ، اس کو جلد از جلد مکمل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس طرح جنرل حمیدگل کی سوچ اور نظریہ کی وارث ہماری صاحبزادی عظمی گل ہے ، اسی طرح بچوں کے وارڈ کے اس منصوبے کی تکمیل کی بھی ذمہ داری عظمی گل کو ہی دی ہے مجھے امید ہے کہ عظمی گل اس منصو بے کو اپنی پوری ہمت ،قوت اور جذبہ کیساتھ جلد از جلد مکمل کریں گی ۔