اٹارنی جنرل پاکستان کی زیر صدارت بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

یورپی یونین کی تجاویز پر عملدرآمد کا جایزہ لیا گیا،،تشدد کی روک تھام ،سزاے موت کے قوانین پر نظرثانی کیلئے اقدامات کیے جائیں ‘انور منصور خان

ہفتہ 9 مارچ 2019 14:52

اٹارنی جنرل پاکستان کی زیر صدارت بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2019ء) اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد میں پنجاب سب سے آگے ہے،تشدد کی روک تھام اور سزاے موت کے قوانین پر نظرثانی کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے سول سیکریٹریٹ میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان نے کی۔

اجلاس میں وزیرقانون، پارلیمانی امور و بلدیات محمد بشارت راجہ، چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری لیبر، سیکرٹری اطلاعات، سیکریٹری سوشل ویلفیئر، سیکرٹری مذہبی امور، سیکریٹری انسانی وسائل و دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یورپی یونین کی تجاویز پر عملدرآمد کا جایزہ لیا گیا۔اس موقع پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد میں پنجاب سب سے آگے ہے ،تشدد کی روک تھام اور سزاے موت کے قوانین پر نظرثانی کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ترجیحی شعبوں مثلا آزادی اظہار، صحافیوں اور حقوق انسانی کے نمایندوں کے تحفظ کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے حقوق کا تحفظ بالخصوص چایلڈ لیبر کا خاتمہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام اور ڈیجیٹایزیشن کا عمل جاری ہے ،بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے موثر قانون سازی کی جا رہی ہے۔