نواز شریف کیلئے جیل میں ’’ لائف سیونگ یونٹ‘‘ کے قیام کے مطالبے پر مبنی سمیت 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

اگر نواز شریف جیل سے ہسپتال منتقل نہیں ہونا چاہتے تو انہیں استحقاق کے مطابق جیل میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں بھارتی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر نکالا جائے ‘قرار دادوں میں مطالبہ /خواتین سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف تحریک التواء بھی جمع

ہفتہ 9 مارچ 2019 14:52

نواز شریف کیلئے جیل میں ’’ لائف سیونگ یونٹ‘‘ کے قیام کے مطالبے پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2019ء) مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کیلئے جیل میں ’’ لائف سیونگ یونٹ‘‘ کے قیام اور بھارتی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ 2019سے باہر نکالنے کے مطالبے کی 2قراردادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیں ۔مسلم لیگ (ن) کی اسملبی عظمیٰ زاہد بخاری کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے میاں نواز شریف کی صحت پر حکومتی وزراء اور ترجمانوں کی جانب سے سیاست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

حسد اور بغض کی آڑ میں عارضہ قلب میں* مبتلا شخص کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر بھی ایسی سیاست کی گئی تھی۔میاں نواز شریف کوگزشتہ 60دنوں سے مسلسل اذیت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تین ہسپتالوں کے چکر لگانے کے باوجود مکمل طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئی۔ لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ میاں نواز شریف کیلئے جیل میں’’ لائف سیونگ یونٹ ‘‘ بنایا جائے۔

حکومت کے بھیجے کارڈیالوجسٹ کے مطابق میاں نواز شریف کے دل کی بیماری مزید بگڑ چکی ہے۔حکومت روایتی ہٹ دھرمی کو ترک کرے ۔اگر میاں نواز شریف جیل سے ہسپتال نہیں شفٹ ہونا چاہتے تو ان کو استحقاق کے مطابق جیل میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیاکیخلاف ایک روزہ میچ میں فوجی ٹوپیاں پہنا افسوسناک ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے کھیل کو بھی سیاست کی نظر کردیا ہے۔بھارتی ٹیم کے اس اقدام کی وجہ سے ان کو پوری دنیا میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسی میچ میں پاکستانی نژاد کرکٹر عثمان خواجہ نے بھارت کیخلاف سنچری بنائی ۔بھارت کو اس میچ میں عبرت ناک شکست سے دو چار ہونا پڑا۔موجودہ بھارتی حکومت نے کھیلوں میں بھی سیاستی اثر رسوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

لہذا یہ ایوان بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان آئی سی سی سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی اس شرمناک حرکت کا نوٹس لیا جائے اور بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ 2019سے باہر نکالا جائے ۔بھارتی ٹیم کے ان کھلاڑیوں پر کم از کم دس سال کی پابندی عائد کی جائے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے خواتین سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے فلاح و بہبود کیلئے بنائے قوانین پر عملدرآمد کرایا جائے۔

اسلام نے سب سے مرتبہ و مقام خواتین کو دیا ہے۔ایک عورت پہلے ماں،بہن ،بیٹی اور بیوی ہے۔ہم خواتین کو عزت اور احترام نہیں دیتے جن کی وہ حقدار ہیں۔خواتین کے حقوق کیلئے بے شمار قوانین بنائے گئے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔جوکہ حکومت کیلئے لمحہ فکر ہے،ہمیں قومی و بین ا لاقوامی ہر فورم پے خواتین کے حقوق کیلئے آواز اٹھانی ہے۔تاکہ خواتین کو معاشرے میں وہ مقام دلا سکیں جس کی وہ اصل میں حقدار ہیں۔