اسد قیصرنے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیراہتمام 500 طلباء کیلئے بنائے گئے جناح ہاوس ہاسٹل کا افتتاح کر دیا

اتوار 10 مارچ 2019 17:30

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2019ء) پاکستان قومی اسمبلی کے ا سپیکر اسد قیصرنے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیراہتمام 500 طلباء کیلئے بنائے گئے جناح ہاوس ہاسٹل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کے پی کے کے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی رنگزیب خان ،تحصیل ٹوپی کے ناظم اعلیٰ سہیل خان یوسف ، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی چیف آرگنائزر ظفر انور،کورٹ کے چیئرمین چوہدری اختر حسین کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔

معروف روحانی شخصیت حضرت پیر ثاقب شامی نے یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم اور کفالت کے لیے بنائے جانیوالے ادارے کی دن دگنی رات چگنی ترقی کے لیے دعا کروائی۔قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جب کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ اختر آباد جڑی کس پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ان پر گل پاشی کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کورٹ ایجوکیشنل کمپلیکس کے کلاس رومز،ہاسٹل،میس سمیت ننھے بچوں کے لئے بنائی گئی نرسری کا معائنہ کیا اور یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے رہائش طعام و تعلیم تربیت کے شاندار انتظامات اور کورٹ کو بین الاقوامی نوعیت کا ادارہ بنانے پر کورٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر اور مخیر حضرات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر کورٹ کے طلباء نے 2005 کے زلزلہ سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں۔گلگت بلتستان اور ریاست جموں و کشمیر کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کیا اور قومی نغمے پیش کیے۔