بھارتی کھلاڑیوں کے فوجی ٹوپیاں پہننے کا معاملہ،پی سی بی کا آئی سی سی سے ایکشن لینے کا مطالبہ

بھارت نے کرکٹ کو سیاست کا شکار بنایا جس سے اسکی پوزیشن خراب ہوئی: احسان مانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 مارچ 2019 14:00

بھارتی کھلاڑیوں کے فوجی ٹوپیاں پہننے کا معاملہ،پی سی بی کا آئی سی سی ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی سے فوجی ٹوپیاں پہن کر آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کی جانب سے فوجی ٹوپیاں پہننے کے معاملے پر آئی سی سی سے بات کی ہے،ہم نے بی سی سی آئی کی حرکات پر آئی سی سی کو ایک خط لکھا تھا اور دوسرا لکھ رہے ہیں،آئی سی سی کو ہماری پوزیشن معلوم ہے اور ہم نے آئی سی سی سے بھارت کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ بھارت نے 2 بار کرکٹ کو سیاست کا شکار بنایا جس سے اس کی پوزیشن خراب ہوئی،ماضی میں عمران طاہر اور معین علی کے خلاف بھی کارروائی کی گئی لہذا بھارت کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے متعلق سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سکیورٹی ماہرین کو بلانے کا مقصد یہاں کی سکیورٹی پر بریف کرنا ہے، اب تک ہر طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔

خیال رہے کہ 8 مارچ کو بھارتی ٹیم نے رانچی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا تھا لیکن اس میچ میں اسے پاکستانی نژاد آسٹریلیوی بلے باز عثمان خواجہ کی سنچری کے باعث منہ کی کھانی پڑی تھی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھارتی ٹیم کی اس حرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جینٹل مین گیم کو سیاست کی نذر کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔