Live Updates

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ مستقل ٹالنے کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا،صدر آزاد کشمیر

کسی قسم کا معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے، بھارتی بربریت جاری رہی تو لاکھوں عادل ڈار پیدا ہوں گے، بھارت پاکستانی شہروں میں دہشتگردی کرواسکتا ہے، بھارت بہالپور اور مریدکے پر بھی حملہ چاہتا تھا،خطرات ابھی بھی ٹلے نہیں، سر دارمسعود خان کانفرنس کا پاک فضائیہ اور افواج پاکستان کی طر ف سے بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر خراج تحسین پیش وزیر اعظم عمران خان کے بیانات کا خیرمقدم ،مظفرآباد اور اسلام آبادمیں بھارتی مظالم کیخلاف بڑے احتجاجی مظاہروں کا اعلان مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا کردار بہت اہم رہا ہے،مسئلہ کشمیر اجاگر ضرور ہونا چاہیے، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے مقررین کا خطاب

پیر 11 مارچ 2019 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ مستقل ٹالنے کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا،کسی قسم کا معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے، بھارتی بربریت جاری رہی تو لاکھوں عادل ڈار پیدا ہوں گے، بھارت پاکستانی شہروں میں دہشتگردی کرواسکتا ہے، بھارت بہالپور اور مریدکے پر بھی حملہ چاہتا تھا،خطرات ابھی بھی ٹلے نہیں۔

پیر کو جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام کل جماعتی کشمیر کانفرنس میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان ،سابق صدر سردار انور ،سپیکر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر ، پیپلز پارٹی کے ر ہنما چوہدری لطیف اکبر اور امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے ظلم و ستم پر کم گفتگو ہورہی ہے ،انسانی حقوق کی بنیادوں پر مقبوضہ کشمیر پر بات ہونی چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ عادل ڈار نے جنگ میں مصروف فوج پر حملہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت جو مرضی رنگ دے دفاع کشمیریوں کا حق ہے ، انہوںنے کہاکہ کسی قسم کا معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے، صدرنے کہا کہ یہ حق اقوام متحدہ کشمیریوں کو دیتا ہے ،بھارتی پالیسی رہی کہ پہلے غیر مسلح کرو پھر مارو ۔ انہوںنے کہاکہ عادل ڈار سے لکیریں نکلوائی گئیں ،عادل ڈار کو جیش محمد نہیں جیش مودی بھارتی فوج نے پیدا کیا ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی بربریت جاری رہی تو لاکھوں عادل ڈار پیدا ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاک فضائیہ نے بھارت کو ایسا جواب دیا کہ بھارت کو سمجھ آگئی،انہوںنے کہاکہ بھارت کو بتاگیا ہے کہ اگر دوبارہ حرکت کی تو ایسا ناقابل تلافی نقصان پہنچائیں گے یاد رکھا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا سرجیکل سٹرائیک آزاد کشمیر کے گائوں پر قبضہ اور میزائل حملہ ناکام ہوگیا،انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستانی شہروں میں دہشتگردی کرواسکتا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ عالمی برادری سے صاف کہا مسئلہ کشمیر کو صرف ایٹمی جنگ ٹالنے کے تناظر میں نہ دیکھا جائے ۔ انہوںنے کہ کہ ایٹمی جنگ مستقل ٹالنے کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستان کو جو بھی سزا دے رہا وجہ صرف کشمیر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت بہالپور اور مریدکے پر بھی حملہ چاہتا تھا،خطرات ابھی بھی ٹلے نہیں۔

سابق صدر آزاد کشمیر جنرل ر محمد انور خان نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے پیچھے نماز ادا کررہے ہیں ،جب لڑائی ایل او سی پر ہے تو میدان جنگ بھی وہی ہوگا ۔ انہوںن ے کہا کہ پلوامہ کشمیر میں ہے تو جنگ بھی کشمیر میں ہی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ بہاولپور میں بھارت حملہ کرتا تو میدان جنگ وہاں بنتا ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی قیادت نوجوانوں میں منتقل ہورہی ہے ،بھارتی جنرل کشمیری مائوں سے نوجوانوں کو روکنے کی دھمکی دینے پر مجبور ہوگیا ۔ انہوںنے کہا کہ مجھے بطور جنرل ایسے شرم ناک بیان پر شرمندگی ہے ،انہوںنے کہاکہ کشمیری اور پاکستانی مودی کا شکریہ ادا کریں جس کی غلطیوں سے مسئلہ کشمیر اجاگر ہوگیا ۔ انہورںنے کہاکہ بھارتی پائلٹ کو چھوڑ کر پاکستان نے دنیا کو ایٹمی جنگ ٹالنے کا بہترین پیغام دیا ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی وزیر خارجہ اور افواج کا کردار بہترین رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جن تنظیموں پر حالیہ پابندی لگائی گئی ہے ان سے بات ہونی چاہیے ،زلزلے کے دوران ان تنظیموں کا کردار بہترین رہا ۔ انہوںنے کہا کہ ایل او سی کے آر پار والوں کے لئے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ اس بات میں شک نہیں جب تک کوئی بڑا واقعہ نہ ہو تو ہم مسئلہ کشمیر سے متعلق ڈیھلے ہوتے ہیں ،مسئلہ کشمیر کو ہر وقت اور ہر موڑ پر اجاگر رکھنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا کردار بہت اہم رہا ہے،مسئلہ کشمیر اجاگر ضرور ہونا چاہیے لیکن اس مقصدیہ ہرگیز نہیں کہ پاک بھارت جنگ ہو۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کی سطح پر قومی کشمیر کانفرنس بلانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج کے آئے روز کی فایرنگ سے بچنے کیلئے ایل او سی پر بسنے والوں کیلئے انڈر گراؤنڈ بینکرز بنائے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلباء کو ہراساں کرنا بند کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ ال پارٹیز حریت الائنس کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ پلوامہ واقعہ کے بعدمسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ،دنیا اب بھارت پر مسئلہ کشمیر کو ایٹمی فلش پوائنٹ مان رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کو پلوامہ واقعہ کے بعد شکست ہوئی ،بھارت نے بوکھلا کر جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پر پابندی لگا دی ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی پابندیوں سے اب آزادی روک نہیں سکتا۔ انہوںنے کہاکہ پلوامے کے بعد بھارت نے مظفرآباد کے راستے پاکستان پر حملے کی ناکام جسارت کی،انہوںنے کہا کہ بھارت کی طرف سے جماعت اسلامی پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں،پلوامے حملے کے بعد شبیر احمد شاہ کو زخمی کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے حریت کانفرنس کے سینئر قائدین کو گرفتار کر لیا۔

مولانا امتیاز عباسی رہنما جے یو آئی آزاد کشمیر نے کہاکہ صدر آزاد کشمیر سفارتخانوں کے سفرا کو کشمیری قیادت سے ملاقاتوں کا اہتمام کریں ،وزارت خارجہ بیرون ملک سفرا کو متحرک کرے ۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے خلاف سازشوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام کل جماعتی کشمیر کانفرنس سے صدر پی پی پی ازاد کشمیر فضل کریم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہلوامہ واقعہ کے بعد کشمیر فلش پوائینت چکا ہے، اسے ایسے ہی رکھنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر سے متعلق سب اہم بات اتفاق میں رہنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے لئے ہر فورم پر جدجہد جاری رکھنا پڑی گی ۔مسلم کانفرنس کے سردار صغیر چغتائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق جو بھی آواز اٹھائے ساتھ دینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو صرف اس وقت نہیں اٹھانا چاہیے جب کوئی برہان وانی شہید ہو۔

انہوںنے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارت کو سبق اموز جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر جس انداز میں اٹھا ہوا ہے اسے ہائی ہی رکھنا پڑیگا۔ انہوںنے کہاکہ اگر علی گیلانی اتنے بڑھاپے میں بھی بھارتی افواج کے سامنے کھڑے ہو کر آزادی اور پاکستان کی بات کرتا ہے تو ہمیں یہاں پر فرض ہے کہ اس حوالے 24 گھنٹے تیار رہیں ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان جماعت اسلامی مقبوضہ پر پابندی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے ،انہوںنے کہاکہ ایل او سی پر بسنے والے بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما غلام محمد صفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پلوامہ واقعہ کے بعد دنیا کو بھارتی ہٹ دھرمی اور دہشت گردی سامنے آ چکی ہے،بھارت اپنی دہشتگردی کیلئے کبھی سکھوں کو مارے گا اور کبھی کشمیریوں کو شہید کریگا ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت ہر ممکن کوشش کررہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر ابہام کا شکار بنائے۔میر واعظ گروپ کے رہنما اعجاز رحمانی نے کہاکہ آل پاڑیز پریس گروپ تشکیل دیا جائے جو میڈیا کو ماہوار صورتحال میڈیا کو پیش کرے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے مل کر لایا جائے ۔انہوںنے کہاکہ بھارت متحد ہو کر تحریک کشمیر کو کچلنا چاہتا ہے،کشمیر تحریک کو مضبوط بنانے کے لئے ہمیں اتحاد میں رہنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو فرقوں، مزاہب اور چھوٹے چھوٹے علاقوں میں تقسیم کرانا چاہتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب کو اس بات پر متفق ہونا پڑے گا کہ کشمیر پاک بھارت کے درمیان سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ یہ کشمیریوں کے وحدت کا مسئلہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بھی بارہا اس بات کا ذکر کر چکا ہے کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے بغیر حل نہیں ہو سکتا ۔

انہوںنے کہاکہ میں تجویز کرتا ہوں کہ پاکستان اور بھارت دونوں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کو بین الاقوامی سطح پر قبول کریں، انہوںنے کہا کہ حق خود ارادیت قبول کرنے کے بعد خطے سے فوجی انخلا ء ہو۔ رہنما اے پی سی محمود ساغر نے کہاکہ سمجھ نہیں آتی (ن )لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف مسئلہ کشمیر سے متعلق کل جماعتی کانفرسز پر سنجیدہ کیوں نہیں انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے بغیر کوئی مذاکرات قبول نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی میں جلد بازی سے کام لیا۔ انہوںنے کہاکہ سوال یہ ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں فائرنگ ایل او سی پر ہی کیوں ہوتی ہے۔ کنونئیر اے پی اے سی عبداللہ گیلانی نے کہا کہ بھارتی قبضے کو مظبوط کرنے والے مقبوضہ کشمیر کے لیڈرز کی تشہیر بند کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ جن لوگوں نے کشمیر پر بھارتی قبضے کو مظبوط بنا لیا ہے آج اسے اپنے ٹی وی کی زینت بنا رہے ہو، انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ محبوبہ مفتی کی تعریفیں کرنا بند لر دیں۔

اے پی سی میں حریت رہنماء سید علی گیلانی کا پیغام پڑھا گیا جس میں انہوںنے کہاکہ کشمیر کا الحاق جغرافیائی لحاظ سے بھی پاکستان کے ساتھ بنتی ہے،مظبوط پاکستان ہی مقبوضہ کشمیر کے لئے بہتر کردار ادا کر سکتا ہے۔ بعد ازاں جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں بھارت کی جانب سے بالاکوٹ پر ناکام حملے کی شدید الفاظ میں شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور پاکستان کے ساتھ اعلان جنگ کے مترادف قراردیا گیا۔

کانفرنس نے پاک فضائیہ اور افواج پاکستان کی طر ف سے بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔مظفرآباد اور اسلام آبادمیں بھارتی مظالم کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہروں کا بھی اعلان کیا گیا ۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

مشترکہ اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی تشدد کی نئی لہر معصوم کشمیریوں کے بے رحمانہ قتل عام اور وادی میں فوج کی تعداد میں اضافے اورکشمیر ی قیادت کی گرفتاریوں اور نظربدیوں کی شدید مذمت کی گئی ۔کشمیر کانفرنس نے مشترکہ اعلامیہ میں وزیراعظم پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کی پیش کش اور گرفتار کئے گئے بھارتی پائلٹ کی رہائی اور امن کے بیانات کو قابل تحسین قراردیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات