Live Updates

علماء مل کر شجر کاری مہم کو کامیاب بنائیں‘ مولانا سید عبد الخبیر آزاد

ملک میں شجر کاری مہم خوشحالی اور ترقی کی نوید ہے‘سبز انقلاب آئے گا عبد الخبیر آزاد اور علماء نے بادشاہی مسجد گراؤنڈ میںپودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا

پیر 11 مارچ 2019 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتما م بادشاہی مسجد لاہور کے گراؤنڈ میں خطیب و اما م بادشاہی مسجد و چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیرآ زاد کی زیرقیادت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق علماء کرام جن میں مولانا مفتی مبشر احمد نظامی ‘ مولا نا مفتی سید عاشق حسین‘نعیم بادشاہ‘مولانا محمد خان لغاری‘علامہ رشید ترابی ‘صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد ‘مفتی سیف اللہ خالد‘ سید عبدا لنصیر آزاد‘مولانا عباس غازی ‘مولانا عبد الستار نیازی ‘قاری ظہیر احمد و دیگر راہنماؤں نے درخت لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا‘ اس موقع پر مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے مجلس علماء پاکستان کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ پودے لگانے کا اعلان کیا اور کہا کہ یقیناملک میں شجر کاری مہم خوشحالی اور ترقی کی نوید ہے‘اس سے سبز انقلاب آئے گا ‘موجودہ موسم بہار میں ہر پاکستانی شہری اپنے حصہ کا درخت لگا کر ملک میں جاری شجر کاری مہم کا حصہ بنیں ‘ یہ ایک صدقہ جاریہ ہے اس موقع پر علماء کرام نے وزیر اعظم عمران خان کے اس ویژن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’صاف سر سبز پاکستان ‘‘ مہم ملکی ترقی کی کلید ہے اس مہم سے ملک میں سبز انقلاب آئے گا ‘ شجر کاری مہم میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے راہنماؤں کے علاوہ سول سوسائٹی کے قائدین ‘علماء کرام و مذہبی راہنما شریک ہوئے اس سے قبل ’’صاف سر سبز پاکستان واک‘‘ کا آغاز بھی باد شاہی مسجد لاہور سے کیا گیا تھا جس میں کثیر تعداد میں علماء و اور سول سوسائٹی اوررفاہی فلاحی و مذہبی راہنماؤں نے شرکت کی تھی جس کا مقصد ملک میں شجر کاری مہم کا فروغ اور عوام الناس میں اس شعور کو بیدار کرنا مقصود تھا‘ انشاء اللہ یہ ایک با مقصد ملک وقوم کی بے لوث خدمت ہے اور صدقہ جاریہ ہے ‘آج ہم یہ درخت لگا رہے ہیں اور ہم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو خوبصورت اور خو شحال پاکستان دینا چاہتے ہیں ‘ یہ درخت ان کے کام آئیں گے اور نسلوں کو ان سے فائدہ ہوگا ‘ان شا ء اللہ اس مہم سے ملک گیر مہم کا آغاز ہوگا اور عوم الناس میں شعور بیدار ہوگا دیگر شرکاء نے بھی صاف اور سر سبز پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا اور اس کو ملک کی ترقی کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات