جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے ‘سینیٹر سراج الحق

اگر پاک بھارت جنگ چھڑ گئی تو یہ جنوبی ایشیاء تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے جس سے اربوں انسان موت کے منہ میں جاسکتے ہیں،عالمی برادری خطے میں پائیدار امن کیلئے دونوں ممالک کیساتھ کشمیریوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھائیں‘امیر جماعت اسلامی

پیر 11 مارچ 2019 18:48

جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے ‘سینیٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی برادری پاک بھارت جنگ روکنے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے بھارت اور پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھائیں،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے ،اگر پاک بھارت جنگ چھڑ گئی تو یہ جنوبی ایشیاء تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے جس سے اربوں انسان موت کے منہ میں جاسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب جندول اور ثمر باغ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور روزانہ بھارت نہتے کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں یہ جرات نہیں کہ وہ کشمیرمیں انتخابات کرواسکے لیکن جب تک بھارت میں انتخابات نہیں ہوجاتے مودی کشمیر میں قتل عام کومزید تیز کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کو ترجیح اول بناتے ہوئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانا ہوگا۔تاکہ دو جوہری قوت کے حامل ملکوں کو جنگ کی آگ سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پرحکومت کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔مسئلہ کشمیر کے حل کا یہ بہترین موقع ہے، حکمرانوں کو یہ موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے۔

امریکہ ،برطانیہ ،روس اور چین سمیت عالمی طاقتیں بھی مسئلہ کشمیر کی نزاکت اور فور ی حل کی ضرورت کو اچھی طرح سمجھ چکی ہیں ۔ان حالات میں پیچھے ہٹنا یا خاموشی اختیار کرنا کشمیر کی آزادی کے موقع کو ضائع کرنے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو عالمی برادری میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے پوری قوت سے اس مسئلہ کو اٹھانا ہوگا۔

سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ ہم زندہ اور بیدار قوم ہیں اپنے دین اور وطن کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔جب تک بھارت میں انتخابات نہیں ہوجاتے مودی شرارتوں سے باز نہیں آئے گا۔مودی ہندو ووٹ کے لیے کچھ بھی کرگزرنے کو تیار ہے۔اس لیے حکومت پاکستان کو بھی بیدار ہونا ہوگا۔انڈیا اور پاکستان میں بارڈر کا معاشی مسئلہ نہیں،بنیادی مسئلہ کشمیر ہے۔کشمیریوں نے آزادی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان نامکمل ہے جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستان کی تکمیل نہیں ہوتی۔اس لئے کشمیر پر مدافعانہ موقف کی بجائے جرات مندانہ اور ٹھوس موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔