سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس فرخ عرفان کو گاہ پیش کر نے کیلئے آخری موقع دیدیا

آئندہ سماعت پر گواہ پیش نہ ہوئے تو صرف فرخ عرفان کا بیان قلمبند کر یں گے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ

پیر 11 مارچ 2019 19:04

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس فرخ عرفان کو گاہ پیش کر نے کیلئے آخری موقع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس فرخ عرفان کو گاہ پیش کر نے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ سماعت پر گواہ پیش نہ ہوئے تو صرف فرخ عرفان کا بیان قلمبند کر یں گے۔ پیر کو سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس فرخ عرفان کے خلاف ریفرنس کی سماعت چیئرمین جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کونسل نے کی۔

کونسل نے جسٹس فرخ عرفان کو گواہ پیش کرنے کے لیئے آخری موقع دیدیا۔چیف جسٹس نے کہاکہ آئندہ سماعت پر گواہ پیش نہ ہوئے تو صرف فرخ عرفان کا بیان قلمبند کریں گے۔چیف جسٹس نے کہاکہ بیان قلمبند کرنے کے بعد شہادتیں کلوز کر دیں گے۔چیف جسٹس نے جسٹس فرخ عرفان کی جانب سے التواء کی درخواست پر ناراضگی کا اظہار کیا اور فرخ عرفان کے وکیل حامد خان سے مکالمہ کیا کہ ہمیں سچ سچ کہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ یہ مقدمہ تین سال سے زیر التواء ہے۔ حامد خان نے کہا کہ مقدمے کے گواہ سنجیو کمار پٹیل دبئی میں ہیں۔حامد خان نے کہاکہ ان کی بیٹی ہسپتال میں قومہ میں ہے۔حامد خان نے کہاکہ دیگر گواہان اسیب الرحمن نثار بھٹی اور سید مبشر علی لندن میں ہیں۔حامد خان نے کہاکہ فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے پاکستان نہیں آسکے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگلی دفعہ جنگ و جدل کا منظر نا ہوا تو ضرور کیس کی سماعت کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر آپ نے کہا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بطور گواہ پیش کریں گے۔حامد خان نے کہاکہ وہ اسلام آباد میں ہیں انہیں کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے۔حامد خان نے کہاکہ گواہ پیش کرنے کے لیئے ایک مہینے کا وقت دے دیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کو آخری موقع دے رہے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ وعدہ کریں آئندہ سماعت پر گواہان پیش کریں گے۔ بعد ازاں مقدمے کی سماعت آٹھ اپریل دن دو بجے تک ملتوی کر دی گئی ۔