Live Updates

پی ایس ایل کے شاندار انعقاد اور بھرپور تعاون پر اہل کراچی کے شکر گزار ہیں،مرتضی وہاب

ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی ہو اس کے لئے شٹل سروس کا روٹ بھی بہتر کیا گیا ہے،مشیر اطلاعات سندھ

پیر 11 مارچ 2019 19:04

پی ایس ایل کے شاندار انعقاد اور بھرپور تعاون پر اہل کراچی کے شکر گزار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) وزیراعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے شاندار انعقاد اور بھرپور تعاون پر اہل کراچی کے شکر گزار ہیں۔پیرکوسندھ اسمبلی میں میڈیا کارنر پر نیوز کانفرنس کرتے انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچز کے تیسرے روز بھی شہری کرکٹ سے لفت اندوز ہو رہے ہیں اس میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے جس کی وجہ سے ہم اپنی کارگردگی دن بدن بہتر بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی ہو اس کے لئے شٹل سروس کا روٹ بھی بہتر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے بھی محکمہ بلدیات دن رات کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے لیے دو بڑی خوشخبریاں ہیں اول یہ کہ ہماری ٹیم کراچی کے اگلے راو نڈ میں پہنچ گئی ہے دوم یہ ہے کہ شہید ملت روڈ پر دو نئے انڈرپاس بنا رہے ہیں جس سے شہریوں کو ٹریفک جام سے جلد نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام ٹیموں کے لیے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ مہتہ پیلس میں ایک پرتکلف عشائیہ دیں گے جو سندھ کی روایتی مہمان نوازی کی مثال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ابھی تک ذہنی طور پر ڈی چوک پر براجمان ہے اور خود کو کنٹینر سے اتر کرآنے پر تیار نہیں۔سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف اسمبلی کے ایجنڈے کو سازش کی نظر کر رہی ہے۔

ہم سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹیاں انہیں دینے کو تیار تھے تیار ہیں اور تیار رہیں گے مگر وہ آئینی طریقہ کار سے ہٹ کر مطالبات کر رہے ہیں۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے انسانیت کو مقدم سمجھا ہے اسی جذبہ خیرسگالی کے تحت وہ نواز شریف کے پاس گئے جو کہ ہر بہترین انسان اور نیک مسلمان کی اولین پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ ماہ قبل گورنر سندھ نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا مگر آج تک تھر کے باشندوں کے لئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں گورنر سندھ کے اسمبلی میں خطاب کرنے پر کوئی اعتراض نہیں یہ ان کا آئینی حق ہے کیا تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی گورنر کے خطاب کے دوران بھی احتجاج کریں گے۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم احتساب کے عمل سے گھبرانے والے نہیں نیب کی کارروائیاں سندھ والوں کے لیے اسلام آباد میں جاری ہیں۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آفتاب میمن کا پیپلز پارٹی سے قریبی تاثر دینا غلط ہے ان کا آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں آفتاب میمن سابق وزیراعلی ارباب غلام رحیم کے دور میں بھی اسی عہدے پر فائز تھے۔

علاوہ ازیںرکن اسمبلی نوید اینتھونی نے کرسچن برادری کے وفد کے ہمراہ مشیر اطلاعات سے ملاقات کی۔وفد نے کرسچن فیملی لاکو قانونی حیثیت فراہم کرنے پر مشیر قانون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرشن فیملی لاسے وراثت اور خانگی کے معاملات شفاف ہوں گے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن نے کہا ہے کہ کرسچن فیملی لا بہت جلد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا کرسچن فیملی لاکے مندرجات کو کرسچن مذہبی رہنماو ں کی مشاورت سے ہی حتمی شکل دینے کے بعد اسے قانون بنانے کے لئے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔رکن سندھ اسمبلی نوید اینتھونی اور کرسچن وفد میں مشیر اطلاعات و قانون کی اس کرسچن فیملی لاکے قابل عمل ہونے کی کاوشوں کو سراہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات