اس کالج کےطلباء کو انتظامیہ نے خود ہی کالج میں تمباکو نوشی کی اجازت دے دی، دلچسپ وجہ

Ameen Akbar امین اکبر پیر 11 مارچ 2019 23:49

اس کالج کےطلباء کو انتظامیہ نے خود ہی کالج میں تمباکو نوشی کی اجازت ..
انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی بہت سی تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ ایک کالج  نے اپنے طلباء کو کلاس روم میں ہی تمباکو نوشی کی اجازت دے دی ہے۔ یہ تصاویر کئی ماہ سے سامنے آ رہی ہیں۔ان تصاویر کو دیکھ کر بہت سے صارفین پریشان تھے کہ ایسا کون سا تعلیمی ادارہ ہے جو طلباء کو تمباکو نوشی کی اجازت دے سکتا ہے۔
اصل میں انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی تصاویر  ایک ایسے کالج کی ہیں، جہاں پر تمباکو کے متعلق کلاس بھی ہوتی ہے اور طلباء کو بہتر طریقے سے سمجھانے کے لیے انہیں ہی تمباکو نوشی کی اجازت دی گئی ہے۔


طلباء کی تمباکو نوشی کی تصاویر سب سے پہلے نومبر میں  ویبو پر سامنے آئیں تھیں، اس کے بعد یہ دوسرے سوشل میڈیا نیٹ ورکس تک بھی پہنچ گئیں۔ تصاویر میں طلباء کو تمباکو نوشی کرتے اور اساتذہ کو انہیں بس دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تصاویر کے وائرل اور ان پر تنقید ہونے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے  ان کی وضاحت کی ہے۔
چین کی یوننان ایگریکلچر یونیورسٹی کے ڈین ژیاؤ ژینگ شیاؤنگ کے مطابق یہ متنازعہ تصاویر تمباکو کی کلاس کے دوران لی گئیں تھیں۔

کلاس میں ٹیچر کئی برانڈ کے سگریٹ لا کر طلباء کو  انہیں پینے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ طلباء تمباکو کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ ژیاؤ ژینگ کے مطابق طلباء کے لیے سگریٹ پینا لازمی نہیں لیکن پھر بھی بہت سے طلباء سگریٹ پیتے ہیں۔
یوننان ایگریکلچر یونیورسٹی کے طلباء بھی سوشل میڈیا پر تمباکو کے کورس اور اپنے اساتذہ کا دفاع کر رہے ہیں۔طلباء کا کہنا ہے  کہ تمباکو نوشی اُن کی سگریٹ ٹیکنالوجی کلاس کا اہم حصہ ہے۔طلباء نے بتایا کہ وہ ہر روز سگریٹ نہیں پیتے۔طلباء کا کہنا ہے کہ اس طرح  کی تمباکو نوشی عادی افراد کی تمباکو نوشی سے مختلف ہے۔