حکومت نے عوام کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کر دیا

رمضان پیکج کے تحت آٹا، گھی، چینی، دالیں سستی ملیں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 مارچ 2019 16:12

حکومت نے عوام کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مارچ 2019ء) : حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی نے رمضان پیکج 2019ء کی منظوری دے دی ہے۔ یہ پیکج وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے کمیٹی کو بھیجا گیا تھا۔ اس پیکج کے تحت مختلف اشیائے خور دو نوش میں چار سے پچاس روپے تک کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئے رمضان پیکج کے تحت آٹا، دال ، گھی، چاول، مشروبات اور چینی سمیت دیگر اشیا سستی ملیں گی۔ جبکہ اس سے دو ارب روپے کی سبسڈی بھی ملے گی۔ یہ تمام چیزیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے داموں فروخت کی جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے ماہ مقدس کے لیے اس ریلیف پیکج پر عوام نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے اور حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈاک خانوں کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے ڈاک کے نئے نرخ مقرر کرنے سمیت کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل مل کے وفات پا جانے والے ملازمین کے ورثا کو اکتوبر تا دسمبر 2018ء تنخواہ، گریجویٹی اور پروویڈنٹ فنڈ کی ادائیگی کے لیے گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ سرکاری کمپنی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کا بجٹ بھی منظور، اب وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے واجبات کی ادائیگی پرغور، ٹیکسٹائل ڈویژن کے لیے ایک کروڑ 70 لاکھ کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کر لی گئی۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ کو قومی مالی شمولیت پروگرام کے لیے ساڑھے 7 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کی بھی منظوری دے دی۔