بلاول بھٹو زرداری کا اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی سے اظہاریکجہتی کے لیے کل سندھ اسمبلی اجلاس جانے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی 40ویں برسی کی تیاریوں کیلئے بلاول بھٹو نے 16رکنی کمیٹی قائم کردی ذوالفقارعلی بھٹوکی 40ویں برسی پرسیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ، بلاول بھٹو کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

منگل 12 مارچ 2019 21:46

بلاول بھٹو زرداری کا اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی سے اظہاریکجہتی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی سے اظہاریکجہتی کے لیے 13مارچ کو سندھ اسمبلی اجلاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی 40 ویں برسی کی تیاریوں کے لیے بلاول بھٹو نے 16 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق وزیراعظم اورپیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقارعلی بھٹوکی 40 ویں برسی پرسیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برسی پرجلسہ کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں پرمشتمل 16 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔اس بات کا فیصلہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیرصدارت بلاول ہائوس کراچی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حالیہ سیاسی صورتحال ،پارٹی امور اور نیب کیسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فریال تالپور،سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، نثار احمد کھوڑو، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان، وقار مہدی، عاجز دھامراہ، سعید غنی، اعجاز جکھرانی، مکیش چاولہ اور راشد ربانی سمیت دیگرنے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے دورہ سندھ اسمبلی کے انتظامات کوبھی حتمی شکل دی گئی۔

،بلاول بھٹو نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی سے اظہار یکجہتی کے لیے آج 13مارچ کو سندھ اسمبلی آنے کا فیصلہ کیا ہے وہ سندھ اسمبلی میں آغاسراج درانی سے ملاقات کرینگے ،بلاول بھٹو زرداری کی آغاسراج درانی سے ملاقات دوپہر ایک بجے ہوگی۔ اس موقع پربلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگابلاول بھٹو زرداری دوپہر تین بجے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب بھی کرینگے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی 40 برسی پرپیپلزپارٹی نے موجودہ صورتحال کے تناظرمیں گڑھی خدابخش لاڑکانہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورجلسہ کے انتظامات سمیت دیگرامورکوحتمی شکل دینے کے لیے سولہ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، نئیرحسین بخاری،سید خورشید احمد شاہ،نثارکھوڑو،قمرزمان کائرہ،مخدوم احمد محمود،محمد ہمایوں خان،حاجی علی مدد جتک،چوہدری لطیف اکبر،امجدحسین اظہرایڈوکیٹ،وقارمہدی،عاجزدھامرہ،مکیش کمارچالہ،اعجازجاکھرانی،سید ناصرحسین شاہ اورشگفتہ جمانی شامل ہیں۔