Live Updates

کل تک اسپتال نہ ہونے کا رونا رونے والے آج نواز شریف کو اسپتالوں کا بتا رہے ہیں

حکومت کے اس یوٹرن پر خاتون صحافی نے حکومتی نمائندوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 مارچ 2019 12:52

کل تک اسپتال نہ ہونے کا رونا رونے والے آج نواز شریف کو اسپتالوں کا بتا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 مارچ 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے خاتون صحافی نے موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ خاتون صحافی کا کہنا تھا کہ حکومتیں آتی رہتی ہیں، حالات بدلتے رہتے ہیں اور جھوٹ کی سانسیں کہیں نہ کہیں سانسیں توڑتی رہتی ہیں اور سچ سامنے آ کر ہی رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب تک اس بیانیے کو لے کر چل رہی تھی کہ تیس سال کے دوران مسلم لیگ ن اور نواز حکومت ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ایک بھی ایسا اسپتال نہیں بنا سکی جہاں نواز شریف کی بیماری کا علاج ہو سکتا ہو۔

لیکن اب حکومت میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وزرا پنجاب کے اسپتالوں کی تعریفوں کے پُل باندھ رہے تھے۔ اور دعویٰ کر رہے تھے کہ پنجاب میں دل کے مریض کا علاج عالمی معیار کے عین مطابق ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا میں دل کے مریض کے علاج کے لیے ایسی کوئی بھی مشین نہیں ہے جو پنجاب کے دل کے اسپتال میں موجود نہ ہو۔ اب یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر ایسا کیا ہوا کہ پاکستان تحریک انصاف اتنا بڑا یوٹرن لینے پر مجبور ہو گئی۔

ایسا کیا ہوا کہ پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے اسپتالوں کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئی۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس بات کا اعتراف ہی کر لے کہ پنجاب کے اسپتال عالمی معیار کے ہیں۔ خاتون صحافی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اس یوٹرن کی حقیقت یہ ہے کہ ضمانت کے لیے نواز شریف کی درخواست سپریم کورٹ میں ہے، اگر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے یہی بیانیہ اپنایا جاتا کہ پنجاب میں ن لیگ نے اپنے دور میں کوئی اچھے معیار کا اسپتال نہیں بنایا تو نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنا پڑے گا۔

جیسے اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کر کے ضمانت کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی گئی تھی بالکل ویسے ہی پاکستان تحریک انصاف کے وزرا باقاعدہ پریس کانفرنسز کر کے اعلانات کر رہے ہیں کہ پاکستان میں دل کے مریض کا علاج امریکہ اور لندن کے لیول کا ہورہا ہے۔ تاکہ سپریم کورٹ میں بھی نواز شریف کی ضمانت میں رکاوٹ ڈالی جا سکے۔ بڑے فائدے کے لیے تھوڑے نقصان کی پالیسی پر گامزن پاکستان تحریک انصاف اسپتالوں کی تعریف کر کے نواز شریف کو پاکستان میں ہی رکھنا چاہتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات