سپریم کورٹ نے فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کیخلاف نظرثانی درخواستیں مسترد کر دیں

اصل مسئلہ فیصل صالح حیات کا ہے،عہدے سے الگ نہیں ہونا چاہتے، جسٹس اعجاز الاحسن ْانتخاب سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہوا، الیکشن سے کوئی مسئلہ ہے تو اسے چیلنج کریں، ریمارکس

بدھ 13 مارچ 2019 14:33

سپریم کورٹ نے فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کیخلاف نظرثانی درخواستیں مسترد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کیخلاف نظرثانی درخواستیں مسترد کر دیں ۔ بدھ کورسپریم کورٹ میں فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کیخلاف نظرثانی درخواستوں پر سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ الیکشن سے کوئی مسئلہ ہے تو اسے چیلنج کریں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ الیکشن سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہوا۔انہوںنے کہاکہ الیکشن اعتراضات پر عدالت میں تفصیلی بحث ہوئی تھی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ نظرثانی کے نام پر الیکشن پر دوبارہ حملے کی کوشش کی گئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ اصل مسئلہ فیصل صالح حیات کا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ فیصل صالح حیات عہدے سے الگ نہیں ہونا چاہتے۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ نظرثانی درخواست کا فیصل صالح حیات سے تعلق نہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ جو اعتراض ہے اسے متعلقہ فورم پر اٹھائیں۔وکیل نے کہاکہ ایک درخواست فیصل صالح حیات کیخلاف بھی ہے۔ وکیل نے کہا کہ فیصل صالح حیات آج بھی خود کو صدر ظاہر کرتے ہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ کوئی شکایت ہے تو فیصل صالح حیات کیخلاف فوجداری کارروائی کریں۔ عدالت نے تمام نظرثانی درخواستیں مسترد کر دیں۔