میرا پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے

اختلافات ہوتے ہیں لیکن میں پارٹی نہیں چھوڑ رہا۔ سینئیر رہنما اعتزاز احسن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 مارچ 2019 14:13

میرا پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 مارچ 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ میرا پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سندھ میں علاج کی پیشکش بھی کی ہے۔ یہاں دل کا اسٹیٹ آف دی آرٹ علاج ہے وہاں بھی علاج کروایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود اعتراض کر رہے ہیں اور علاج کروانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔ لہٰذا انہیں اگر کچھ ہو تو ذمہ داری نواز شریف پر ہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئیر پارٹی رہنما اعتزاز احسن نے اپنی پارٹی کو نواز شریف سے محتاط رہنے کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اختلافات ہوتے ہیں لیکن میں پارٹی نہیں چھوڑ رہا ۔

پارٹی کارکن تذبذب میں ہیں، یہ ظرف ہے کہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملے۔ آصف علی زرداری حراست میں تھے تو انہیں اذیتیں پہنچائی گئیں۔ لیکن جب نواز شریف مشکل میں ہوتے ہیں تو پاؤں پڑتے ہیں۔ اور جب یہ کھڑے ہو جائیں تو گلے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے محتاط رہنا چاہئیے۔ حکومت نے نواز شریف کو مرضی کے اسپتال سے علاج کروانے کی پیشکش کی ہے لیکن وہ خود علاج کروانے کو تیار نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے اور جارحانہ پالیسی اپنائیں گے۔ اس ملاقات پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے تحفظات کا اظہار کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نواز شریف پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بھی نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ اس معاملے میں احتیاط برتیں ، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نواز شریف کو استعمال کر کے پیپلز پارٹی صرف خود کو بچانا چاہتی ہے۔