سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر ہی گروپ انشورنس کی رقم ادا کرنے کیلئے قانون میں ترمیم جلد اسمبلی میں پیش کی جائیگی ‘ وزیرقانون پنجاب

محکمہ زکوة کے کلرکوں اور آڈیٹرزکو ریگولر کرنے کے لیے سمری وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائی جائے گی‘ راجہ بشار ت کا ایپکا رہنمائوںکے اجلاس سے خطاب

بدھ 13 مارچ 2019 15:04

سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر ہی گروپ انشورنس کی رقم ادا کرنے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2019ء) صوبائی وزیر قانون ،پارلیمانی امور و بلدیات محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر ہی گروپ انشورنس کی رقم ادا کرنے کے لیے قانون میں ترمیم جلد اسمبلی میں پیش کر دی جائے جبکہ بہبود فنڈ کی اضافہ شدہ امدادی رقوم کا ترمیمی بل بھی منظوری کے لیے جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایپکا کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد، جنرل سیکرٹری میاں اکرام الحق اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔وزیر قانون نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ زکوة کے کلرکوں اور آڈیٹرزکو ریگولر کرنے کے لیے سمری وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سول سیکرٹریٹ کی طرز پر صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین کو الائونسوں کی ادائیگی کے لیے سیکرٹری فنانس کو مراسلہ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ پرائمری ہیلتھ کے برطرف کلرکوں کو ہسپتالوں میں ایڈجسٹ کرنے کے لیے محکمے کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کرنے پر بھی بات کی گئی ۔ بشارت راجہ نے کہا کہ *تحریک انصاف کی حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔حاجی ارشاد نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔