پنجاب بھرکے بنیادی اور دیہی صحت مراکز میں ادویات کی فراہمی، وسائل کی دستیابی، طبی سہولیات ، میڈیکل افسران کی تعیناتی اور ڈاکٹروں کی حاضری کو بہتر بنایا گیا ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

ق*ہسپتالوں میںصفائی ستھرائی کے معاملات کافی حد تک بہتر ہو گئے ہیں،وزیرصحت پنجاب

بدھ 13 مارچ 2019 21:32

پنجاب بھرکے بنیادی اور دیہی صحت مراکز میں ادویات کی فراہمی، وسائل کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2019ء) پنجاب بھرکے بنیادی اور دیہی صحت مراکز میں ادویات کی فراہمی، وسائل کی دستیابی، طبی سہولیات ، میڈیکل افسران کی تعیناتی اور ڈاکٹروں کی حاضری کو بہتر بنایا گیا ہے اورہسپتالوں میںصفائی ستھرائی کے معاملات کافی حد تک بہتر ہو گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری مدثر ریاض، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر منیر احمد،فاطمہ شیخ، ڈاکٹر عاصم الطاف اور غیرملکی طبی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں شعبہ صحت میں مزید بہتری لانے کے لئے اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر مزید کہا کہ8ارب روپے کی لاگت سے پنجاب کے 8بڑے اضلاع کے دیہی و بنیادی صحت مراکز کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام جاری ہے۔

ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی سہولت کی خاطر طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ خواتین کی دوران زچگی اموات کی شرح میں واضح کمی لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔دیہی و بنیادی صحت مراکز میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی نئی بھرتی سے سروس ڈلیوری میں مزید بہتری آئے گی۔ میانوالی، بہاولپور، اٹک، لیہ اور راجن پور میں 200بستروں پر مشتمل پانچ سٹیٹ آف دی آرٹ ماں بچہ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔