بلوچستان عوامی پارٹی ہر قسم کے تعصب سے پاک ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

پارٹی میں ہر طبقہ فکر،زبان، نسل، قوم قبیلہ، مذہب اور فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، عوامی خدمت بی اے پی کے منشور کی بنیاد ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 13 مارچ 2019 23:37

بلوچستان عوامی پارٹی ہر قسم کے تعصب سے پاک ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں نے پارٹی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو متحد اور فعال رکھنے کا عزم کیا ہے، بدھ کے روز پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد پر مشتمل وفد نے پارلیمانی سیکرٹری دنیش کمار کی قیادت میں پارٹی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کی، بی اے پی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور خان کاکڑ، صوبائی وزراء ظہوراحمد بلیدی، سردار عبدالرحمن کھیتران، سلیم احمد کھوسہ، سینیٹر کہدہ بابر بھی ملاقات میں موجود تھے، طویل مشاورتی ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور پارٹی کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور کارکنوں نے فرداً فرداً تجاویز پیش کیں جبکہ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے فوری طور پرتیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی صدر کی قیادت میں متحد رہتے ہوئے پارٹی کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور اپنے قائد کی تقلید کرتے ہوئے سنجیدہ اور تعمیری طرز سیاست کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اوراپنے صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھتے ہوئے کسی کو پارٹی کے اندر نااتفاقی اور انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعتماد کے اظہار پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بی اے پی کاہر کارکن ان کے لئے اہمیت رکھتا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی ہر قسم کے تعصب سے پاک ہے جس میں ہر طبقہ فکر،زبان، نسل، قوم قبیلہ، مذہب اور فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، انہوں نے کہاکہ عوامی خدمت بی اے پی کے منشور کی بنیاد ہے اور سیاسی جماعتیں تبھی کامیاب ہوتی ہیں جب وہ عوام کے مسائل حل کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھی ہر قسم کی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے، اگر پارٹی کے اندر سیاست ہوگی تو وہ اپنے مقصد سے ہٹ جائے گی، ہم متحد رہیں گے تو پارٹی کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکے گی اور نہ ہی مخالفین کو فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا، وزیراعلیٰ نے پارٹی کے پارلیمانی اراکین، عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے حلقوں کے لوگوں سے قریبی تعلق رکھیں اور بلدیاتی انتخابات کی تیاری کا آغاز کریں کیونکہ ان انتخابات میں زیادہ محنت کی ضرورت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام امور میں کارکنوں کی رائے کو اہمیت دی جائے گی اور ان کے جائز مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے کارکنوں کی مشاورت سے جلد ایک موثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔