Live Updates

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں نے عمران خان کو کامیاب کر کے 21ویں صدی کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، چوہدری فواد حسین

بدھ 13 مارچ 2019 23:42

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں نے عمران خان کو کامیاب کر کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں نے عمران خان کو کامیاب کر کے 21ویں صدی کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کو دیکھ کر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے سر جوڑ لئے ہیں اور رات کے اندھیروں میں عمران خان کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں، لمبے عرصے اقتدار پر قابض رہنے والی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے ادوار میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے اور ریاست کو یرغمال بنائے رکھا، وزیراعظم عمران خان کی نواز شریف اور آصف علی زرداری سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف نے قوم کو تقسیم کرنے والی سیاست کاخاتمہ کر دیا، اب چاروں صوبے قومی دھارے میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پی این سی اے میں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کو خیبر پختونخوا کے نوجوان نے " بیسٹ ڈیفنڈر ایوارڈ " پیش کیا۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 1970میں ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی انقلاب کے لئے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی اور 2018ء میں ملک بھر کے نوجوانوں نے عمران خان کو کامیاب کر کے 21ویں صدی کے عوامی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام کے ساتھ جڑا ہوا مافیا صرف ایک شخص سے ڈرتا ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، عوامی طاقت سے عمران خان نے اس مافیا کو شکست دی ہے، دوجماعتی نظام جہاں بھی ہو اسے توڑنا مشکل ترین کام ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ توڑنے کا سہرا بھی وزیراعظم عمران خان کے سر جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا یہ ثات کرتا ہے کہ قیادت جرات مند ،بے لوث اور بے داغ ہو تو مافیا کو شکست دی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اپوزیشن کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے ،ہم کہتے ہیں کہ کرپشن نہ کریں اور کرپشن کا پیسہ واپس لائیں تو اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومت انتقام لے رہی ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کرپشن کرنے والے سیاستدانوں کو جن مقدمات میں سزائیں ہو رہی ہیں یہ تمام مقدمات سابقہ حکومتوں میں بنائے گئے تھے،موجودہ حکومت نے تو کوئی کیس نہیں بنایا اور نہ ہی کوئی تفتیشی اہلکار تعینات کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پی آئی اے ،پاکستان سٹیل مل ،ریلوے ، پی ٹی وی ،اے پی پی ،ریڈیو پاکستان سمیت ہر ادارے میں سیاسی مداخلت اور اپنے اپنے حلقے کے لوگوں کو لاکر تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پوری قوم پاکستان کی قیادت کے ساتھ جڑ گئی ۔انہوں نے کہا کہ بعض چھوٹی ذہینت کے سیاست کرنے والے ملک میں قومیت اور لسانیت کی سیاست کو ہوا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70کی دہائی کے بعد آج کراچی پاکستان اور عمران خان کی زبان بول رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی محنت ،لگن کے بعد آج خیبر سے کراچی تک صرف ایک پارٹی پی ٹی آئی اور ایک لیڈرعمران خان کا نام ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل سے آگاہ ہیں،64فیصد آبادی 35سال تک کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،ہماری ترجیح ہے کہ اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کم آمدن گھروں کے لئے قرض فراہمی کے سلسلے میں سٹیٹ بینک کی جانب سے فاٹا کے لوگوں کو گھر بنانے کے لئے 30لاکھ روپے کا قرض خصوصی سکیم کا اجراء خوش آئند ہے ،بیوہ ،یتیم ، شہداء کی فیملی ،خواجہ سراء بھی اس سکیم سے استفادہ حاصل کرسکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو 7,8مہینے ہوچکے ہیں اگر مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو اب تک اربوں روپے بیرون ممالک جاچکے ہوتے ، اب تو قومی خزانہ بھی کہہ رہا ہے کہ کافی ٹائم سے مجھے لوٹا نہیں گیا ۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے خیبر ایجنسی کے نوجوانوں کو یقین دہانی کرائی کہ جلد وہاں کے عوام کو تیز رفتار انٹر نیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات