Live Updates

وزیر اعظم کی تنخواہ اوراخراجات وفاقی وزراءسے بھی کم

عمران خان کا پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 مارچ 2019 11:44

وزیر اعظم کی تنخواہ اوراخراجات وفاقی وزراءسے بھی کم
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مارچ۔2019ء) سرکاری وسائل استعمال نہ کرنے والے منفرد وزیر اعظم عمران خان کی تنخواہ اوراخراجات وفاقی وزراءسے بھی کم ہیں، انہوں نے وزیر اعظم ہاﺅس کے ملازمین اور دیگر اخراجات بھی محدود کر دیئے ہیں. وزیراعظم عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراءسے بھی کم تنخواہ لے رہے ہیں، وزیر اعظم کی سیلری سلپ کے مطابق ان کی بنیادی تنخواہ 107280 روپے ہے.

(جاری ہے)

سیلری سلپ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو مہمانداری الاﺅنس 50 ہزار روپے ،ایڈہاک ریلیف الاﺅنس 21456 روپے، ایڈ ہاک الاﺅنس 12110 روپے ،جبکہ ایک اور ایڈہاک ریلیف الاﺅنس 10728 روپے ملتا ہے‘وزیراعظم کی تنخواہ پر 4595 روپے ٹیکس کٹوتی کی جاتی ہے جس کے بعد انہیں ایک لاکھ 96ہزار 979روپے تنخواہ ملتی ہے. وزیر اعظم عمران خان کے مقابلے میں وفاقی وزراءکی تنخواہ اڑھائی لاکھ روپے کے قریب ہے جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی تنخواہ 3لاکھ 50ہزار روپے ہے‘وزیر اعظم کے مقابلے میں پنجاب کے ایک رکن اسمبلی کی تنخواہ تقریباً 2 لاکھ روپے ہے.

عمران خان نے وزیر اعظم کی حیثیت سے کوئی کیمپ آفس بنایا ہے نہ ہی ذاتی رہائش گاہ پر اخراجات کیے ہیں، بنی گالا ہو یا زمان پارک ، ان جگہوں پر سیکورٹی کے لیے خار دار تار کے اخراجات بھی خود برداشت کیے ہیں. انہوں نے 42 لاکھ روپے کی لاگت سے بنی گالہ کی سیکیورٹی اور خاردار تار بھی خود لگوائیں. دوسری جانب گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور کیا گیا ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو 4 لاکھ 25 ہزار، صوبائی اسپیکر کو 2 لاکھ 60 ہزار اور اسمبلی کے اراکین کو فی کس ایک لاکھ 95 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور مراعات کی مد میں ملیں گے.

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل گزشتہ روز پیش کیا گیا تھا جس کو 24 گھنٹوں کے دوران ایوان سے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا‘وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے منظور ہونے والی چار لاکھ پچیس ہزار روپے ماہانہ تنخوا میں 50 ہزار روپے کا مہمان داری الاﺅنس بھی شامل ہو گا. پنجاب اسمبلی نے نئے بل میں کہا ہے کہ اگر صوبے کے وزیراعلیٰ کا لاہور میں گھر نہیں ہوتو صرف دور حکومت مکمل کرنے کے بجائے تاحیات گھر بھی ملے گا‘اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو اس بل کی منظوری کے بعد ماہانہ دو لاکھ 60 ہزار روپے تنخواہ ملے گی.

پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں دگنا اضافے کے بعد انہیں ماہانہ ایک لاکھ 95 ہزار روپے ملیں گے جبکہ اس سے قبل اراکین کی ماہانہ تنخواہ 88 ہزار روپے تھی. صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں دی گئی منظوری کے مطابق اراکین کو بنیادی تنخواہ 80 ہزار، رہائش کے لیے 50 ہزار روپے، 4 ہزار روپے روزانہ الاﺅنس، یوٹیلیٹی 20 ہزار، مہمان داری الاﺅنس 20 ہزار روپے اور ٹیلی فون الاﺅنس 10 ہزار نئی تنخواہ میں شامل ہے.

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہمارے پاس عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے وسائل نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے. وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزرائ خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کافیصلہ سخت مایوس کن ہے، پاکستان خوشحال ہوجائےتوشاید یہ قابلِ فہم ہومگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی وسائل دستیاب نہیں،یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات