Live Updates

بلاول بھٹو کامہنگائی کےبیان پروزیرخزانہ اسد عمر سےاستعفےکا مطالبہ

اسد عمر کا مہنگائی میں اضافے اور عوام کی چیخیں نکالنے والا بیان شرمناک ہے، پی ٹی آئی کی سوچ مودی ذہنیت سے ملتی جلتی ہے،مودی بھی سوال اٹھانے پر اپوزیشن کوملک دشمن جبکہ پی ٹی آئی بھی ملک دشمن کہتی ہے،وفاقی کابینہ میں 3وزراء کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 مارچ 2019 16:58

بلاول بھٹو کامہنگائی کےبیان پروزیرخزانہ اسد عمر سےاستعفےکا مطالبہ
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مارچ 2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیرخزانہ اسد عمر سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ اسد عمر کا مہنگائی میں اضافے اور عوام کی چیخیں نکالنے والا بیان شرمناک ہے، پی ٹی آئی کی سوچ مودی ذہنیت سے ملتی جلتی ہے،مودی بھی سوال اٹھانے پر اپوزیشن کوملک دشمن جبکہ پی ٹی آئی بھی ملک دشمن کہتی ہے،وفاقی کابینہ میں 3 وزراء کے کالعدم تنظیموں سے رابطے ہیں۔

انہوں نے آج یہاں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرین سندھ مہم کا آغاز کررہے ہیں۔ ہم ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کریں گے۔ ہم پھل دار درخت بھی لگائیں گے تاکہ لوگ پھل بھی کھا سکیں۔بلاول بھٹو نے ایک سوال پر کہا کہ یہ ایک مودی پالیسی ہے جوانڈیا میں چل رہی ہے، جب بھارتی اپوزیشن کوئی سوال اٹھاتی ہے تواس کو ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہی سوچ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے پی ٹی آئی کے اندر بھی پائی جاتی ہے۔میں نہیں سمجھتا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک دشمنوں یا کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہو، تویہ ملک دشمن بات ہوسکتی ہے؟نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں نے دستخط کیے توپھر ساری جماعتیں کیا ملک دشمن ہوں گی؟میں سمجھتا ہوں یہ بچگانہ بیان بازی ہے۔

یہ ایک بہت اہم وقت ہے ، حکومت کوموجودہ حالات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔حکومت کو یہ سنجیدگی پارلیمنٹ کے اندر دکھانی چاہیے، یہ انڈیا ، امریکا کا مطالبہ نہیں ہے بلکہ پورے ملک کا مطالبہ ہے۔کیونکہ آپ کالعدم تنظیموں کے ساتھ ملکر الیکشن لڑے تھے، ہم آپ کی نیت پرشک کرتے ہیں۔پھر جب تک آپ کی کابینہ میں تین وزیر ہیں جن کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ روابط ہیں۔

ان کی تاریخ بتاتی ہے ، جب تک وہ آپ کے ساتھ ہیں تب تک اپوزیشن نیشنل ایکشن پلان پر شک کرے گی، اور عالمی سطح پر بھی شک کیا جائے گا۔ایک وزیرکا ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو اہے۔جو کالعدم تنظیم کے لوگوں کو کہہ رہا ہے جب تک پی ٹی آئی کی حکومت ہے ہم آپ کیخلاف ایکشن نہیں لیں گے۔دوسرا وزیرجس نے الیکشن میں ایک کالعدم تنظیم کی مدد کی اور اسمبلی میں کھڑا ہوکر کالعدم تنظیموں کیخلاف بات کرنے والوں کو ملک دشمن قرار دے رہا ہے۔

جبکہ تیسرا وزیر جس کا بہت زیادہ کالعدم تنظیموں کے ساتھ تعلق ہے، وہ ان کے ٹریننگ کیمپ بھی چلاتا رہا، لہذا اس طرح کے وزراء کو نئے پاکستان کی کابینہ میں نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شرمناک اور افسوس ناک بیان ہے، حیران ہوں کہ ایک وزیر اس طرح کا بیان کیسے دے سکتا ہے، میں پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ اس وزیرکو استعفیٰ دینا چاہیے، حکومت کو پہلے انسان پھر حکمران بننا چاہیے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔بجلی ،گیس اور تیل مہنگا کردیا گیا ہے، پھر یہ وزیرکہتا ہے کہ معیشت ترقی کررہی ہے، جبکہ عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے وزیر کو حکومت سے نکال باہر کرنا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات