پودے لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، ڈپٹی کمشنر جہلم

جمعرات 14 مارچ 2019 17:58

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ پودے لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے ہم سب کا یہ فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جادہ چوک تا ریلوے پھاٹک، جی ٹی روڈ کے درمیان پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انکا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ کی خوبصورتی اور شہر کے اندرونی و بیرونی راستوں پر پودے لگائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر اے سی جہلم محمد فیضان احمد، ایس ڈی او فارسٹ سدھیر مغل، فارسٹ بلاک آفیسر وسیم شہباز عالم، نمائندہ ایم سی جہلم رانا اشفاق،چوہدری ساجد امین ،رضوان عباسی نے پودے لگائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یہاں لگائے جانے والے پودوں کو پانی فراہم کرنا اور دیکھ بھال کرنا ایم سی جہلم کی ذمہ داری ہو گی۔

گزشتہ روز تقریب کے موقع پر ڈی سی جہلم نے بتایا ہے کہ جی ٹی روڈ جادہ چوک تا کالا گجراں پھاٹک دس ہزار سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں۔ ڈی سی جہلم نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہی ہم خوشحال اور سرسبز پاکستان کا خواب پورا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے باالخصوص تاجر کمیونٹی اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اداروں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ماحول کو سرسبز بنانے کیلئے اہم کردار ادا کریں ۔ ڈی سی نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نہروں ژدریائوں اور سڑکوں کے کناروں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ۔