Live Updates

وزیراعلیٰ نے ملتان میں پہلے پولیس موبائل خدمت مرکز کا افتتاح کردیا،

ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی پولیس موبائل خدمت مرکز کے ذریعے شہریوں کو 13 خدمات فراہم کی جائینگی، شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات ملیں گی ‘عثمان بزدار

جمعرات 14 مارچ 2019 18:43

وزیراعلیٰ نے ملتان میں پہلے پولیس موبائل خدمت مرکز کا افتتاح کردیا،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سرکٹ ہائوس ملتان میں پہلے جدید پولیس موبائل خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد پولیس موبائل خدمت مرکز کا معائنہ کیا اور پولیس موبائل خدمت مرکز کے ذریعے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی پنجاب نے پولیس موبائل خدمت مرکز سے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کرائی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ پولیس موبائل خدمت مرکز کے ذریعے شہریوں کو 13 خدمات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات ملیں گی اور یہی تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور مجھے پولیس موبائل خدمت مرکز کا جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان میں افتتاح کرکے دلی خوشی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس موبائل خدمت مرکز کے ذریعے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس اوردیگر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ پولیس موبائل خدمت مرکز پر جرائم کی اطلاع دی جا سکے گی اور خدمت مرکز سے ایف آئی آر کی کاپی بھی دستیاب ہو گی۔ اس کے علاوہ موبائل خدمت مرکز سے خواتین کیخلاف تشدد سے متعلق قانونی رہنمائی بھی مل سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

پولیس موبائل خدمت مرکز اہم مقامات پر شہریوں کو خدمات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس موبائل خدمت مرکز ہماری حکومت کا احسن اقدام ہے جس سے شہریوں سے بے پناہ ریلیف ملے گا۔ پولیس موبائل خدمت مرکز کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو عوامی پولیس بنائیں گے۔ملتان کو فراہم کی جانے والی سہولتیں تمام اضلاع کو فراہم کی جائیگی تاکہ عوام پولیس سے متعلقہ کاموں کیلئے دوردراز سفر نہ کرنا پڑے اوروقت ضائع نہ ہو۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید خطو ط پر استوار کیا جارہا ہے اوراسے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جارہا ہے ۔اس اقدام سے نہ صرف عوام کو سہولیات میسر آئیںگی بلکہ جرائم میں قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوںنے کہا کہ پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے پلان پر عمل جاری ہے۔انہوںنے کہا کہ پولیس شہریوں سے اپنے رویے میں بہتری لائے ۔

آر پی او ملتان نے وزیراعلیٰ کو پولیس موبائل خدمت مرکز میں مہیا کی جانیوالی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ پولیس موبائل خدمت مرکز میں شہریوں کو وہیکل کلیئرنس سرٹیفکیٹ ، دستاویزات گمشدگی کی اطلاع،کریکٹر سرٹیفکیٹ کا حصول، جنرل پولیس ویریفکیشن ، ایف آئی آر کی کاپی کا حصول ، ڈرائیونگ لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء، کرایہ داران اور گھریلوملازم کے اندراج کی سہولت دی گئی ہے جبکہ خواتین پر تشدد کے حوالے سے قانونی رہنمائی بھی مہیا کی جائے گی اور کسی بھی طرح کے جرم کی فوری اطلاع بھی پولیس موبائل خدمت مرکز میں دی جاسکے گی۔

پولیس موبائل خدمت مرکز شہر کے مختلف اہم مقامات پر شہریوں کو سہولت فراہم کرے گااوراس کا ماہانہ شیڈول جاری کیا جائے گاتاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر پولیس سے متعلقہ سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹرمحمد اخترملک، رکن قومی اسمبلی زین قریشی، اراکین اسمبلی، کمشنر ملتان ڈویژن اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات