ممبئی میں پل گرنے سے5افراد ہلاک36زخمی

CSTپل زیر مرمت تھا جو کہ جمعرات کی شام گر گیا جس سے ممبئی شہر کی بڑی سڑک پر ٹریفک بند ہو گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 14 مارچ 2019 21:41

ممبئی میں پل گرنے سے5افراد ہلاک36زخمی
ممبئی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ2019ء) ممبئی میں ایک زیر مرمت پل گر گیا جس سے 5افراد ہلاک اور36زخمی ہو گئے ہیں۔ CSTچترا پتی شیوا جی مہراج ٹرمینل کے پاس اوور ہیڈ برج کا بڑا حصہ اس وقت زمیں بوس ہو گیا جب اس کے نیچے موجود ڈاکٹر بی این روڈ پر ٹریفک کا بہت زیادہ رش تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پل زیر مرمت تھا اور جمعرات  کی شام اچانک اسکا بڑا حصہ ڈھے گیا جس سے5افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور36زخمی ہیں، حادثہ مقامی وقت کے مطابق 7بج کر36منٹ پر ہوا ۔

بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مطابق حادثے کی جگہ انجمن حمایتِ اسلام کالج اور ٹائمز آف انڈیا کے دفتر کے پاس ہے۔ ممبئی پولیس کے مطابق پل چترا پتی شیوا جی مہراج ٹرمینل ریلوے سٹیشن کے ٹرمنل نمبر 1کو بی ٹی لین کے ساتھ جوڑنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو سینٹ جارج ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ زیرِ مرمت پل پر سے لوگوں کو آنے جانے کی اجازت کیسے دی گئی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثہ میں مرنے والوں کے لیے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی بھی کیاہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر بی این روڈ کی ٹریفک کو مہان گڑ پالیکا روڈ کی طرف منتقل کیا جارہا ہے۔ بھارتی اسمبلی کے کئی ارکان نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت کی نااہلی پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔

 مزکورہ پل کا کچھ دن پہلے ہی آڈٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پل کو مرمت کی ضرورت ہے لیکن مرمت کے دوران پل کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا۔ پل کا آڈٹ کرنے والی کمپنی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے کہ شاید کمپنی نے غلط رپورٹ پیش کی تھی جس کی وجہ سے ی حادثہ ہوا۔