پاکستان میں پالیسی بہت اچھی بنتی ہے لیکن عمل درآمد پر زور دینے کی ضرورت ہے،شہرام خان ترکئی

جمعرات 14 مارچ 2019 22:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پالیسی بہت اچھی بنتی ہے لیکن اس پر عمل درآمد پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ہم نے یونین کونسل کی جگہ ولیج کونسل متعارف کروایا جو بہت کامیاب رہا۔ولیج کونسل کے ذریعے دیہاتوں میں مقیم لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہ تقریب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں اختیارات کی ضرورت ہوتی ہے وہاں اختیارات ملنے چاہیے۔ عوام کو ہر چیز کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ٹیکس دینے کے لیے تیار نہیں ہوتی اس سسٹم کو بہتر کرنے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت پہلی دفعہ ڈیجیٹل ٹیکس کولیکشن سسٹم ورلڈ بینک کی معاونت کے ساتھ متعارف کروا رہی ہے . انہوں نے مزید کہا کہ سیاست اب ایک کیرئیر ہے نہ کہ پارٹ ٹائم کام، اس لیے منتخب سیاستدانوں کی مالی معاونت کا خیال رکھا جائے جس سے وہ اپنی روز مرہ کی زندگی کو چلا سکیں ہر سیاستدان ایک امیر گھرانے سے نہیں ہوتا خیبر پختونخوا میں پہلی دفعہ غریب طبقے سے بھی دیانتدار اور محنتی لوکل قیادت کو موقع دیا گیا جو صوبائی اور قومی اسمبلی میں موجود ہیں اور یہ کرپشن جیسی بیماری کو بھی روکنے میں مدد دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت فاٹا میں بھی بلدیاتی نظام متعارف کراے گی جو وہاں پر زیادہ مفید ہوگا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوکل باڈیز کے آنے سے صوبائی حکومتوں پر پریشر کم ہو جاتا ہے اور کام میں تیزی آتی ہے اور لوکل باڈیز سے ایک اچھی قیادت بھی ابھر کر آتی ہے، میں 2005 سے 2009 تک ناظم رہ چکا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ میں اس سسٹم سے بہت کچھ سیکھ کر آگے آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوکل باڈیز کا ترقیاتی کاموں میں فلاح کے کاموں پر زیادہ توجہ ہونی چاہیے جیسے کہ سکول کالجز اور ہسپتال نہ کہ ساری کی ساری توجہ گلیاں پکی کرنے پر دی جائے۔ تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان خادم حسین،اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ اسحاق مہر، جوائنٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان محمد رازق اور صدر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی احمد بلال محبوب نے شرکت کی