پنجاب پولیس کا شاندار اور انقلابی قدم

اسپتالوں کی ایمرجنسی میں کسی بھی پولیس کیس میں آنے والے مریضوں کو متعلقہ تھانے کی پولیس کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 15 مارچ 2019 00:23

پنجاب پولیس کا شاندار اور انقلابی قدم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مارچ 2019ء ) پنجاب پولیس کا شاندار اور انقلابی قدم۔ اسپتالوں کی ایمرجنسی میں کسی بھی پولیس کیس میں آنے والے مریضوں کو متعلقہ تھانے کی پولیس کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کا تھانہ کلچر میں تبدیلی کی جانب سفر جاری ہے اور اس میں دن بدن بہتری دیکھنے کو آ رہی ہے۔ پولیس کے شہریوں کے ساتھ رویوں میں بھی واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے۔

پنجاب پولیس نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے لاہور میں اسپتالوں کی ایمرجنسی میں پولیس خدمت مرکز قائم کر دیے ہیں جس سے شہریوں کو کافی سہولت ملی ہے۔ اسپتالوں میں موجود خدمت مرکز کا عملہ شہریوں کے ساتھ مکمل تعاون کرتا ہے اور انہیں سہولت فراہم کرتا ہے۔ کسی بھی پولیس کیس میں آنے والے مریض کو اب اپنے متعلقہ تھانے کے چکر نہیں کاٹنا پڑیں گے بلکہ اسپتال میں موجود پولیس خدمت مرکز کا عملہ موقع پر ہی اس کی کاغذی کارروائی پوری کرے گا اور متعلقہ تھانے کو بھی اطلاع کرے گا۔

(جاری ہے)

میو اسپتال لاہور میں قائم پولیس خدمت مرکز 24 گھنٹے ان شہریوں کی خدمت پر معمور رہتا ہے جو کسی بھی حادثے میں زخمی ہو جاتے ہیں یا اس نوعیت کا کوئی بھی کیس جس کواسپتال میں موجود ڈاکٹرز پولیس کیس قرار دے کر مریض کا معائنہ کرنے سے انکار کر دیں۔ اسپتال میں موجود پولیس خدمت مراکز کی وجہ سے شہریوں کے قیمتی وقت کو محفوظ بنانے میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے اسی کے ساتھ ساتھ تھانوں پر اضافی بوجھ بھی کم ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسپتالوں میں پولیس خدمت مرکز کے قیام کے علاوہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں عوامی سہولت کے لیے خدمت مراکز سے فراہم کی جانے والی تمام سروسز کواب ایک موبائل خدمت مراکز کے ذریعے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں آج ملتان میں پہلی موبائل خدمت مرکز وین کا افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ رواں ہفتے لاہور میں دوسری موبائل خدمت مرکز وین سروس بھی شروع کر دی جائے گی اور اسی طرز پر تمام اضلاع میں مرحلہ وار اسے شروع کیا جائے گا۔ جس سے شہریوں کو تمام تر سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جا سکیں گی۔