سوئیڈن کی 16سالہ طالبہ گرتا تھنبرگ امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد

ناروے کے تین اراکینِ اسمبلی نے نامزد کیا ،گر وہ کامیاب ہوتی ہیں تو وہ یہ انعام جیتنے والی نوجوان ترین شخص ہوں گی

جمعہ 15 مارچ 2019 12:46

سوئیڈن کی 16سالہ طالبہ گرتا تھنبرگ امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد
سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ طالبہ گرتا تھنبرگ جن کی کاوشوں نے ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک عالمی تحریک کو جنم دیا ہے کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔انھیں ناروے کے تین اراکینِ اسمبلی نے نامزد کیا ہے۔اگر وہ کامیاب ہوتی ہیں تو وہ یہ انعام جیتنے والی نوجوان ترین شخص ہوں گی۔

پاکستان کی ملالہ یوسفزئی نے یہ انعام 17 سال کی عمر میں حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق گرتا تھنبرگ نے اس خبر کے ردعمل میں ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ نامزدگی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ناروے کی سوشلسٹ پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ فریذی اوضتگارڈ نے خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گرتا تھنبرگ کو اس لیے نامزد کیا ہے کیونکہ اگر ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کے سلسلے میں کچھ نہ کیا تو یہ جنگوں، تنازعات اور لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا باعث بنے گی۔انھوں نے کہا کہ گرتا نے اس حوالے سے ایک بڑی تحریک شروع کی ہے، جسے میں امن میں اہم حصہ ڈالنا مانتا ہوں۔نوبیل کمیٹی کا کہنا تھا کہ 2019 میں 301 نامزدگیاں ہیں جن میں سے 223 افراد اور 78 تنظیمیں ہیں۔