میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں ،

صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ‘ نواز شریف نے کارکنوں کو احتجاج سے روک دیا جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد کارکنوں کی محبت ،جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے،میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں میں نے ملک کے قانون ،انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے،کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کریگی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی‘سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کا جیل سے کارکنوں کے نام پیغام

جمعہ 15 مارچ 2019 12:51

میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے اپنی صحت کے معاملے پر کارکنوں کو احتجاج سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد کارکنوں کی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے۔ مگر میں اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیںاور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیںمیرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں، اسی لئے میں نے ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ان خیالات کا اظہار نواز شریف نے کارکنوں کے نام جاری اپنے پیغام میں کیا ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکرمندی، دعائوں اور نیک تمنائوں کے لئے تہہ دل سے مشکور ہوں ،مسلم لیگ (ن) کے ووٹر، کارکن اور چاہنے والوں نے جس طرح میرے مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر میرا ساتھ نبھایا اور نبھاہ رہے ہیں، اس کی شاید مثال ملنا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

میں آپ سب کی محبت و خلوص اور قربانیوں کا مقروض رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کے لئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اورمیرے حق میں آواز اٹھانے کے لئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں۔ میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں۔ جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے۔

مگر میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں۔ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں۔ اسی لئے میں نے ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے،مسلم لیگ (ن) ایک ذمہ دار جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی یا ذاتی مفاد کو پس پشت رکھا اور عجلت سے کام نہیں لیا۔

کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے۔ انشااللہ کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرے گی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں ، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔میںکوٹ لکھپت جیل سے آپ کی محبت اور جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔