نیوزی لینڈ میں دہشتگرد حملہ،شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا

دنیا کو مشترکہ طور پر کوشش کرکے نفرت روکنی چاہیے،دہشتگر دی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 مارچ 2019 12:59

نیوزی لینڈ میں دہشتگرد حملہ،شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مارچ 2019ء) نیوزی لینڈ میں د و مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ”کرائسٹ چرچ میں انتہائی اندوہناک واقعہ ہوا،میں نے نیوزی لینڈ کو انتہائی پرامن اور محفوظ ملک پایا جہاں کے لوگ پیار کرنے والے ہیں،تمیم اقبال سے بات ہوئی ہے،اطمینان ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم اور سٹاف محفوظ ہے،دنیا کو مشترکہ طور پر کوشش کرکے نفرت روکنی چاہیے،دہشتگر دی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،میری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،اللہ شہداءکی مغفرت کرے“۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی 2 مساجد النوراورلینوڈ میں فوجی وردی میں ملبوس 28 سالہ انتہا پسند آسٹریلوی سفید فام برینٹن ٹیرنٹ کی فائرنگ سے 40 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ وہاں دورہ پرموجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم بھی اس حملے میں بال بال بچ گئی۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی وزیراعظم نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کرنےوالا برینٹن ٹیرنٹ آسٹریلوی شہری ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مساجد پر حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا،مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ نماز جمعہ کے دوران کی گئی۔ مزید چارافراد کو حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آورنے اپنی ہولناک فائرنگ کی لائیو وڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔

نیوزی لینڈ پولیس نے شہریوں کو متاثرہ مسجد سے دور رہنے کی ہدایت کردی ہے، کرائسٹ چرچ کی دیگر مساجد خالی کرالیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق شہر کے گرجا گھر اور اسکول بھی بند کردیئے گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ نماز جمعہ کے 10 منٹ بعد شروع ہوئی جب کہ ایک شخص آٹو میٹک رائفل کے ساتھ مسجد میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے دوران وہ اسلام اور تارکین وطن کے خلاف زہر اگلتا رہا۔دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے اوپنر تمیم اقبال نے کہا کہ ٹیم حملے کے وقت مسجد میں موجود تھی اور اسی دوران ٹیم کے ارکان نے مسجد سے بھاگ کر جان بچائی تاہم ہمارے تمام کرکٹر محفوظ ہیں۔ادھروزیراعظم نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ا?ج نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔