لاہور،انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنیوالے 8 ملزمان کو سزا سنا دی

بارودی مواد برآمدگی کی دفعہ 4/5 ،ناجائز اسلحہ کی دفعہ 13/20/65 ،دفعہ 122 کے تحت سات سات سال قید کی سز ا سنائی گئی

جمعہ 15 مارچ 2019 15:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے 8 ملزمان کو 21 سال قید کی سزا سنا دی ۔دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 3 نے کیس کی سماعت کی۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان سے ہے ، ملزمان کے قبضے سے خودکش جیکٹ ، ہینڈ گرنیڈ اور کلاشنکوف برآمد ہوئی، ملزمان دوران تفتیش اقبال جرم بھی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

استدعا ہے کہ عدالت دلائل،ثبوتوں اور گواہوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان کو سزا سنائے ۔جس پر عدالت نے ملزمان قاری آصف ، اعظم ، آفتاب خان ، عظیم ، مشتاق، شفیق ، عبیداللہ اور ثاقب سمیت 8 ملزموں کو قید کی سزا کا حکم سنایا ۔ملزموں کو بارودی مواد برآمدگی کی دفعہ 4/5 کے تحت سات سال سزا سنائی گئی،ناجائز اسلحہ کی دفعہ 13/20/65 میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی، ملزموں کو دفعہ 122 کے تحت بھی سزا سنائی گئی ۔مقدمہ میں مختلف دفعات کے تحت سنائی گئی تمام سزائیں ایک ہی دفعہ شروع ہوں گی۔