بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پریس کانفرنس میں حکومت سمیت تمام اداروں کو آئینہ دکھایا ہے‘سردار جاوید ایوب

چیف جسٹس بھری عدالت میں بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہیں اور جب تحریری فیصلہ سامنے آتا ہے تو سیاسی انجینئرنگ کا شکار ہوتاہے

جمعہ 15 مارچ 2019 15:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سابق وزیرجنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پریس کانفرنس میں حکومت سمیت تمام اداروں کو آئینہ دکھایا ہے یہ حقیقت ہے کہ سندھ کے مقدمات کی تحقیقات اگر راولپنڈی میں ہوں گی تو اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ مخصوص ایجنڈا ہے جو فیڈریشن کے خلاف سازش ہے ۔

چیف جسٹس بھری عدالت میں بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہیں اور جب تحریری فیصلہ سامنے آتا ہے تو سیاسی انجینئرنگ کا شکار ہوتاہے۔ یہاں مظفرآباد میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران سردار جاوید ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج درانی کی اسلام آباد سے گرفتاری فسطائی ہتھکنڈہ اور قانون کا جبری استعمال ہے ‘ یہاں علیمہ خان کیلئے اور قانون ہے اور پیپلزپارٹی کیلئے الگ قانون ہے ضیاء الحق سے جنرل مشرف تک ہر ایک نے پیپلزپارٹی پروار کئے اور وقت آنے پر پیپلزپارٹی کے سامنے جھکنا پڑا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری کبھی کسی حکومتی عہدے پر نہیں رہے لیکن آنے والے وقت سے خوفزدہ عناصر احتساب کے نام پر بے نامی اکائونٹس کا ڈرامہ کر رہے ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری قوم کا مستقبل ہیں نیب کے زریعے جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پیچھے گھنائونے مقاصد ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری جو ایکشن بھی لیں گے آزادکشمیر کا بچہ بچہ ہر اول دستے کا کردار ادا کریگا۔

نیب کالا قانون ہے 18ویں ترمیم سے صوبوں کو بااختیار بنایا گیا ہے سیاسی نابالغ اسے ختم نہیں کر سکتے، پیپلزپارٹی شہداء کی جماعت ہے ۔ جاوید ایوب نے کہا کہ بلاول بھٹو نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تو حکمران ا س کے سامنے نہیں ٹھہر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات سیاسی رواداری اور سیاسی بالغ نظری کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اتنا ہی کرے جتنا کل برداشت کر سکے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی ، بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا اور آج تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو جیل میں بند کیا گیا ہے یہ کیسی جمہوریت ہے ۔ پیپلزپارٹی نے پہلے بھی ظلم و جبر کا مقابلہ کیا آئندہ بھی ہر مشکل کا سامنا کرینگے ۔ سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے ۔

پاکستان میں جمہوریت کے قیام کے لئے بھٹو خاندان کی قربانیاں تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں ۔ آج پاکستان کی فیڈریشن ، سلامتی اور دفاع شہید بھٹو کی وجہ سے مضبوط ہے ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اصولوں کی بنیاد پر ملک کے اندر جمہوریت کے فروغ کے لئے آمریت کے خلاف جان کی قربانی دی اسی وجہ سے دنیا بھر میں شہید بینظیر بھٹو سفیر جمہوریت اور شہید جمہوریت کی حیثیت میں زندہ ہیں ۔ سردار جاوید ایوب نے ایک سوال پر کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے کارکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کال کے منتظر ہیں ۔ چیئرمین کے ایک اشارے پر پارٹی کے ہزاروںکارکن ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار بیٹھے ہیں ۔