کویت میں مقیم غیر مُلکیوں کے پاسپورٹ پر اقامہ تجدید کا اسٹیکر نہیں لگے گا

بیرونِ مُلک سفر کی صورت میں اپنا اقامہ ساتھ لے جانے کے پابند ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 مارچ 2019 16:05

کویت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ 2019ء) کویتی وزارت داخلہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ سے غیر مُلکیوں کے پاسپورٹ پر اقامہ کا اسٹیکر چسپاں نہیں کیا جائے گا۔ کویت میں مقیم تارکین بیرون مُلک سفر کی صورت میں اقامہ کارڈ کا استعمال کریں گے۔ اُنہیں بیرون مُلک جانے یا کویت آنے کے لیے اپنے ساتھ پاسپورٹ رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ وزارت داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ 11مارچ 2019ء سے لاگو کیا گیا ہے۔

کویت کے تمام ایئرپورٹس کی انتظامیہ کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اقامہ کی تجدید کی تفصیلات سسٹم میں موجود ہوں گی۔

(جاری ہے)

غیر مُلکی مُلک سے باہر جاتے وقت بطاقہ مدنیہ یعنی کویتی اقامہ ساتھ لے جانے کے پابند ہوں گے۔ یہی بطاقہ مدینہ ان کے لیے پاسپورٹ کا کام دے گا۔ اقامہ کی تجدید کرانے والے غیر مُلکی اس بات کا یقین کر لیں کہ ان کے کوائف کا اندراج بطاقہ مدنیہ میں ہو گیا ہے۔

جبکہ وہ غیر مُلکی جنہوں نے 11 مارچ سے پہلے اپنے اقامہ کی تجدید کروائی ہے اور جن کے پاسپورٹ پر اسٹیکر چسپاں ہیں، اُن کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ بطاقہ مدنیہ نکلوانے تک اسی اقامہ اسٹیکر والے پاسپورٹ پر سفر کریں۔ صرف وہی غیر مُلکی پاسپورٹ پر سفر کرنے کے مجاز ہوں گے، جن کے پاسپورٹ پر اقامہ کا اسٹیکر چسپاں نہیں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :