شہباز شریف سے وزیر اطلاعات اوروزیر تعمیرات آزاد کشمیر کی ملاقات

بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا تھا ،پاک فوج کے بروقت اور بہترین اقدام نے بھارتی خواب کو چکنا چور کر دیا،ہم سب محمد نواز شریف کے کارکن ہیں اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہمیں آگے بڑھنا ہے،صدرمسلم لیگ (ن )

جمعہ 15 مارچ 2019 16:15

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف سے آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس اور وزیر تعمیرات عامہ چوھدری محمد عزیز نے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی،وہ جلد آزادکشمیر کا دورہ کریں گے اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے بالمشافہ ملاقاتیں کر کے ان کی رائے لیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا تھا مگر پاک فوج کے بروقت اور بہترین اقدام نے بھارتی خواب کو چکنا چور کر دیا۔انہوں نے کہا پوری پاکستانی و کشمیری قوم اس موقع پر اپنی پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہوگئی اور پاکستانی قوم نے دنیا کو بتا دیا کہ وطن عزیز کی سلامتی کیلیے ہم سب ایک ہیں یہی وجہ ہے کہ بھارت کو مذاکرات کی طرف واپس آنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعہ جو اسکی اپنی سیکیورٹی نااہلی تھی کو جواز بنا کر پاکستان پر دباو بڑھانے کی کوشش کی اور اس سے فائدہ اٹھانا چاہا مگر اسے ناکامی ہوئی۔مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن پر کشمیری عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور آزادکشمیر میں راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوئی۔

انہوں نے کہا قائد پاکستان محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے مجھے بطور صدر جماعت جو بھاری ذمہ داری دی ہے اس کو نبھانے کی پوری کوشش کر رہا ہوں یہ میرے پاس امانت ہے انشا ء اللہ جب میرے اور آپ سب کے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ ناانصافی کا خاتمہ ہو گا تو یہ امانت ان کے حوالے کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا ہم سب محمد نواز شریف کے کارکن ہیں اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہمیں آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے وزراء پر زور دیا کہ وہ کسی قسم کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور اپنا دھیان صرف عوام کی خدمت پر مرکوز رکھیں اللہ تبارک و تعالی کی ذات پر ہمیں پورا بھروسہ ہے ہمیں اس ذات سے ہی انصاف کی توقع ہے پاکستانی عوام بھی سمجھ چکے ہیں کہ ان کے مینڈیٹ کی کس طرح توہین کی گئی اور کیسے اسمیں نقب لگائی گئی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس اور وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے مسلم لیگ ن کے صدر کو آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے عوام شہباز شریف کو یاد کرنا شروع ہو گئے ہیں انہوں نے کہا جب بھی کسی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا کہا جاتا ہے تو نام محمد شہباز شریف کا ہی آتا ہے۔انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ چین میں شہباز سپیڈ کے نام کو استعمال کیا جانے لگا ہے۔انہوں نے کہا آزادکشمیر حکومت سیاحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے انقلاب لانا چاہتی ہے تاکہ لوگوں کو کشمیر کے دلکش نظاروں سے لطف اندو ہونے کے مواقع دئیے جائیں۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ چوہدری محمد عزیز نے۔بطور وزیر سڑکوں کی۔حالت کو بدل کر رکھ دیا ہے یہ کریڈٹ مسلم لیگ ن کی حکومت اور ان کو جاتا ہے۔وزیر اطلاعات نے آزادکشمیر کے طلباء کیلئے سکالر شپس اور دیگر منصوبوں کیلیے وافر رقوم فراہم کرنے پر محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا بطور وزیر اعلی پنجاب آپ کا دور بہترین دور تھا جس میں ترقی نظر آتی تھی۔اس موقع پر آزادکشمیر حکومت کے امور اور مسلم لیگ ن کے دیگر امور سے متعلق بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے رہنماء سردار فرحان اعظم بھی موجود تھے۔