صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی سانحہ یوحنا آباد کی دعائیہ تقاریب میں شرکت

ْکرائسٹ چرچ میں مسجد پر حملے میں معصوم نمازیوں کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہیں‘اعجاز عالم

جمعہ 15 مارچ 2019 18:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی سانحہ یوحنا آباد کی برسی کے موقع پر سینٹ جان کیتھولک چرچ اور کرسٹ چرچ میں ہونیوالی خصوصی دعائیہ تقاریب میں شرکت۔تقاریب میں ملک پاکستا ن کی بقاء و سلامتی کے ساتھ 15مارچ 2015کو سانحہ یوحنا آباد میں شہید ہونیوالوں مسیحی برادری کے لوگوں کیلئے بھی دعاء کا اہتمام کیا گیا۔

صوبائی وزیر اعجاز عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری پاکستانی قوم بالخصوص مسیحی برادری 15مارچ کا المناک دن نہیں بھلا سکتے ،جب سینٹ جان کیتھولک اور چرسٹ چرچ میں جاری ہفتہ وار دعائیہ تقاریب میںدو خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا جبکہ ہر سال 15مارچ کا دن پھر سے زخم تازہ کر جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہی نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دہشتگردی کے واقعہ میں معصوم مسلمانوں کی شہادت پر پوری مسیحی برادری کی جانب سے پر زور احتجاج کرتے ہیں اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اس طرح کی انسانیت دشمن کارروائیاں کرنیوالوں سفاک درندوں کا کسی مذہب بلکہ انسانیت سے بھی تعلق نہیں ہو سکتا کیونکہ کوئی بھی مذہب ایسے گھنائونے فعل کی ترغیب نہیں دیتا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ آگے بڑھتے ہوئے ہر کوئی اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالے تاکہ ایک آزاد اور امن کی فضاء میں سانس لیا جا سکے۔نئے پاکستان میں قائداعظم کے قو ل کو سچا کرنے جا رہے ہیں ، جس میں انہوں نے اقلیتوں کے بارے میں کہا تھا کہ ''آپ آزاد ہیں، آپ اپنے گرجا گھروں وغیرہ میں جانے کے لئے آزاد ہیں بلکہ آپ اپنی عبادت گاہوں کی کسی دوسری جگہ پر جانے کے لئے آزاد ہیں۔تقریب میں مسیحی رہنمائوں کے ساتھ اقلیتوں کے نمائندگان اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔