Live Updates

صاف اور سرسبز پاکستان تحریک انصاف کی اولیں ترجیحات میں شامل ہے ‘بشارت راجہ

پنجاب کی 108 یونین کونسلوں میں صفائی کا پایلٹ پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں،صوبہ بھر میں پودے بھی لگائے جائیں ‘صوبائی وزیر قانون

جمعہ 15 مارچ 2019 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) وزیر قانون،پارلیمانی امور و بلدیات محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ صاف اور سرسبز پاکستان تحریک انصاف کی اولیں ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ اقتدار سنبھالتے ہی وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا۔وہ مقامی ہوٹل میں''وزیر اعظم کا ویژن۔کلین اینڈ گرین پاکستان'' کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار کی صدارت کر رہے تھی. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب میں 18 مارچ سے ہفتہء صفائی و شجرکاری کا آغاز کر رہے ہیں جس کے دوران یونین کونسل کی سطح تک صفائی اور شجرکاری کی مہم چلائی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم شہروں اور دیہات کو برابر صاف دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آیندہ ماہ سے پنجاب کی 108 یونین کونسلوں میں صفائی کا پایلٹ پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبہ بھر میں دس لاکھ پودے بھی لگائے جائیں گے۔بشارت راجہ نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں صحت و صفائی کی صورتحال حوصلہ افزا نہیں ہے صرف لاہور میں حکومت کو صفائی پر سالانہ 13 ارب روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں جبکہ 20، 20 کنال والی کوٹھیوں سے بھی حکومت کو بدلے میں ایک روپیہ تک نہیں ملتا. انہوں نے کہا کہ اس وقت اجتماعی سوچ اور عمل کی ضرورت ہے تاکہ شہری خود بھی احساس ذمہ داری پیدا کریں اور حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سیمینار منعقد کرنے پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائیٹی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات