لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے رجسٹرار اور ایڈمن انچارجز کااجلاس،ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 15 مارچ 2019 21:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جامشورو کے مختلف شعبہ جات کے رجسٹرار اور ایڈمن انچارجز کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن کی زیرصدارت ہوا جس میں ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی ، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر نعیم ضیاء میمن، اے ایم ایس محمد شاہد جونیجو، اے ایم ایس ڈاکٹر شوکت علی لاکھو سمیت دیگر انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر مبین احمد میمن نے ہسپتال میں علاج کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام رجسٹرار ایڈمنز کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں وافر مقدار میں ادویہ موجود ہے لہٰذا علاج کیلئے آنے والے مریضوں کو ادویہ اور ہسپتال میں موجود انجکشن بروقت دیئے جائیں، تمام ڈاکٹرز و اسٹاف نرسز ، پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی ختم کرتے وقت ڈیوٹی پر نئے چارج لینے والے ڈاکٹرز اور عملے کو زیر علاج مریضوں سے متعلق تمام صورتحال سے آگاہ کریںتاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑا، انہوں نے کہاکہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز ، جراثیم کش ادویہ کا استعمال کرتے ہوئے آلات کی اسٹیلائزیشن کا خاص خیال رکھیں اس کے علاوہ ہسپتال کے تمام ملازمین دوران ڈیوٹی اپنے ڈیوٹی کارڈز آویزاں کریں تاکہ شناخت میں آسانی ہوسکے، تمام ملازمین ڈیوٹی کے حوالے سے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں ، زیرعلاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال حیدرآباد میں علاج کیلئے نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں مریض طبی معائنے اور علاج کیلئے آتے ہیں انہیں کسی بھی قسم کی تخلیق یا پریشانی سے بچایا جائے، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت غریب عوام کی صحت کے حوالے سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اس لئے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :