Live Updates

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، سیکرٹری ایوی ایشن کی نئی ایوی ایشن پالیسی پر تفصیلی بریفنگ

عمران خان کا نئی ایوی ایشن پالیسی 2019کے مسودے پر اطمینان کا اظہار ،سیکرٹری ایوی ایشن کو مسودے کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت

جمعہ 15 مارچ 2019 22:35

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، سیکرٹری ایوی ایشن کی نئی ایوی ایشن پالیسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے نئی ایوی ایشن پالیسی 2019کے مسودے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن شاہ رخ نصرت کو ہدایت کی ہے کہ مسودے کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ ہدایت جمعرات کو نئی ایوی ایشن پالیسی کے حوالے سے ہونیوالے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔

وزیراعظم کو سیکریٹری ایوی ایشن نے نئی ایوی ایشن پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی اور مسودے کے اس کے نمایاں نکات پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو ایوی ایشن ڈویژن اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی افسران بھی شریک تھے۔ ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نظریئے اور ہدایات کے مطابق موجودہ پالیسی کے جائزے، سی اے اے چارجز کو معقول کرنے اور مجموعی طور پر ایوی ایشن کے شعبے کو سہولت دینے کیلئے نئی پالیسی بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملکی ہوبازی کے شعبہ کی پالیسی سازی کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ نئی ایوی ایشن پالیسی کی تیاری میں تمام متعلقہ اداروں کو ہر مرحلے میں شامل رکھا گیا اور ان کی قیمتی تجاویز کو وقتاً فوقتاً مسودے میں شامل کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ طویل مشاورتی اجلاسوں کے نتیجے میں پالیسی کا مسودہ ہر پہلو سے ایک متفقہ دستاویز بن چکا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حال ہی میں ہونیوالے 8گھنٹے سے زائد طویل جائزہ اجلاس میں موجود تمام متعلقہ اداروں بشمول ائیر لائنز، جنرل ایوی ایشن آپریٹرزآئی اے ٹی اے (IATA) اور طیارہ سازی کی صنعت کے نمائندوں نے نئی پالیسی کے مسودے کو بہت پسند کیا تھا۔ سیکریٹری ایوی ایشن نے وزیراعظم کو بتایا کہ نئی پالیسی کا بنیادی مقصد عالمی ہوا بازی کے بہترین طور طریقوں کے مطابق پاکستان میں ہوابازی کے شعبے کو ایک محفوظ، مستعد، پائیدار اور سہولت دینے والا شعبہ بنانا ہے جو مارکیٹ کی حقیقی نمو کے ذریعے اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔

نئی ایوی ایشن پالیسی کے مقاصد کا حاطہ کرتے ہوئے شاہ رخ نصرت نے کہا کہ کاروبار کی لاگت میں کمی، کاروبار کرنے میں آسانی، سیاحت میں فروغ، سہولیات میں بہتری اور ایوی ایشن کے شعبہ میں مزید نمو مجوزہ پالیسی کے اہم مقاصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی ائیر لائنز اور دیگر آپریٹرز کے لائسنس کی معیادکی توسیع ایک سال سے دو سال اور پائلٹس و کیبن کریو کے لائسنس کی معیاد ایک سال سے پانچ سال کرنا ایوی ایشن کے کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

کاروبار کی لاگتوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ ڈومیسٹک فلائٹس پر سی اے اے کے چارجز ختم کرنے کی تجویز بھی نئی پالیسی میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت لائسنس کی ایک نئی قسم ٹورزم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن (ٹی آر پی آئی) لائسنس متعارف کرائی جارہی ہے جس میں ہیلی کاپٹر سروسز بھی شامل ہیں، اس لائسنس کے تحت چلنے والی فلائٹس سی اے اے کے چارجز سے مستثنیٰ ہونگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی اے اے کے تمام ائیرپورٹس کو عمدہ سہولیات اور آسائشوں کے ساتھ جدید بنایا جائے گا۔ نئی پالیسی کے متوقع ثمرات کا ذکر کرتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن نے کہا کہ خواتین پائلٹس کو ٹریننگ کی مد میں سی اے اے کی جانب سے چار لاکھ روپے تک کی مالی معاونت دی جائیگی، اس کے علاوہ سی اے اے کے چارجز میں معقول کمی کے باعث نئی ڈومیسٹک ائیرلائنز کی ایوی ایشن سیکٹر میں آمد کے نتیجے میں مسابقت کے فروغ کے باعث فضائی سفرکے کرایوں میں بھی کمی ہوگی جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونا بھی نئی پالیسی کے ثمرات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر نئی ایوی ایشن پالیسی کا مسودہ آپریٹرز، پائلٹس، کیبن کریو اور مسافروں کے لیے ایک معقول اور سہولیات فراہم کرنے والی پالیسی ہے جس کے مثبت اثرات ملک پر جلد دکھائی دینے لگیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات