سندھ کے حکمران اپنے ہی لوگوں کو فتح کرنے میں مصروف ہیں ،مصطفی کمال

جمعہ 15 مارچ 2019 22:35

سندھ کے حکمران اپنے ہی لوگوں کو فتح کرنے میں مصروف ہیں ،مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) سندھ کے حکمران اپنے ہی لوگوں کو فتح کرنے میں مصروف ہیں۔ لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں، تھر میں 23 بچے ایک ماہ میں خوراک کی کمی کی نظر ہو گئے۔ پہلے گھوسٹ ملازمین ہوتے تھے آج سندھ میں 8 ہزار گھوسٹ اسکولز ہیں۔ 45 ہزار میں سے 30 ہزار اسکولوں میں چار دیواری اور بیت الخلاء موجود نہیں لیکن سندھ حکومت اصل مسائل پر توجہ دینے کے بجائے کراچی کے دو ٹکڑے کرنے میں مصروف ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے اراکین نیشنل کونسل کے پاکستان ہاؤس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ظلم اور تعصب پر مبنی اقدام کی کھل کر مذمت کرتے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی نے سب کو ساتھ ملا کر کراچی کا امن بحال کیا ہے، اس امن کی پاداش میں ہمارے 7 ساتھیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے جس کے صلے میں سب لسانیت بھلا کر پاکستانی جھنڈے تلے متحد ہیں، آج کراچی میں علاقے لسانی اور پارٹی پرچموں کی بنیاد پر نہیں بٹے ہوئے۔

(جاری ہے)

لوگ کسی بھی علاقے میں بلا خوف و خطر آ جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اگر سندھیوں سے مخلص ہوتی تو سب سے پہلے انہیں تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولیات دیتی، سندھ حکومت کو سندھ کی عوام کا نمائندہ نہیں سمجھتے۔ سندھ حکومت کے ریکارڈ کے مطابق وہ ایک ہزار ارب روپے صرف تعلیم پر خرچ کر چکے ہیں لیکن جو بچے اسکولوں میں ہیں ان کی تعلیم کا بھی کوئی پرسانِ حال نہیں، ایک ہزار ارب خرچ کرنے کے بعد 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ان 70 لاکھ کا 1 فیصد بچہ بھی غلط ہاتھوں میں گیا تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔