مکّہ: رواں سیزن عمرہ ویزوں کے اجراء میں پاکستانی بدستور سرفہرست

وزارت حج کی جانب سے 4566632عمرہ ویزوں کا اجراء کیا جا چکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 مارچ 2019 12:00

مکّہ: رواں سیزن عمرہ ویزوں کے اجراء میں پاکستانی بدستور سرفہرست
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ 2019ء) وزارت حج وعمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی یکم محرم الحرام سے لے کر 7 رجب المرجب 1440ھ تک 47لاکھ 90ہزار 512عمرہ ویزے جاری کئے گئے۔ جن میں سے اب تک 43لاکھ 8ہزار105 معتمر ارض مقدس پہنچ چکے ہیں۔ جن میں 34 لاکھ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرکے اپنے وطن لوٹ چکے ہیں۔وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ معتمرین کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔

مملکت آنے والے پاکستانی زائرین کی اب تک کی گنتی 10 لاکھ 31 ہزار253 ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 7 لاکھ سے زائد ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے پانچ لاکھ سے زائد معتمرین آئے ہیں۔عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی فہرست میں یمن چوتھے، ملائشیا پانچویں، مصر چھٹے، تْرکی ساتویں، الجزائر آٹھویں، اْردن نویں جبکہ بنگلہ دیش دسویں نمبر پر براجمان ہے۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق سب سے زیادہ معتمرین فضائی راستے سے آئے ہیں اس کے بعد بری اور فضائی راستوں سے آنے والے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں یکم محرم سے لے کر 7 رجب المرجب 1440ھ تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔