بھارت آزادی پسند کشمیریوں کیخلاف بڑے پیمانے پر فوجی طاقت کا استعمال کر رہا ہے، سید علی گیلانی

اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیںجاسکتا،نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونیوالا دہشت گردی کا حملہ قابل مذمت ہے ، مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے، چیئرمین حریت کانفرنس

ہفتہ 16 مارچ 2019 12:29

بھارت آزادی پسند کشمیریوں کیخلاف بڑے پیمانے پر فوجی طاقت کا استعمال ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کی طرف سے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری فوجی طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے۔

انہوںنے بھارتی تحقیقاتی ادارے ’این آئی اے ‘ ک طرف سے میر واعظ عمر فاروق اور اپنے فرزند سید نسیم گیلانی کو جھوٹے مقدمات میں پوچھ گچھ کیلئے دوبارہ سے نئی دلی طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں اپنی فورسز اور ایجنسیوں کے ذریعے آزادی پسند کشمیریوں کو ہراساں کر کے یہاں سیاسی غیر یقینیت کا ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ رات کے وقت چھاپوںکے دوران 14بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری جمعیت اہلحدیث کے نائب صدر مشتاق احمد ویزی ،جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں سمیت کئی افراد پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر نے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیںجاسکتا۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہونے والے دہشت گردی گردی کے بہیمانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس پوری دنیا میں مسلمان دہشت گردی کا شکا ر ہیں اور ان کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔