بھارت جبرواستبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیر یوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز نہیں دبا سکتا، میر واعظ عمرفاروق

کشمیری انصاف پسند لوگ ،پر امن طریقے سے بھارت کو اپنے وعدے یا د دلا رہے ہیں ، کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا واقعہ المناک ہے، چیئرمین حریت فورم

ہفتہ 16 مارچ 2019 12:29

بھارت جبرواستبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیر یوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز نہیں ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت جبر وا ستبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز نہیں دبا سکتا اور وہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر یوں ، ان کی قیادت اور جامع مسجد کے تقدس کے خلاف 1947سے سازشیں رچائی جا رہی ہیں لیکن بھارت کی طرف سے بڑے پیمانے پر کیے جانیو الے ظلم و ستم کے باوجود تحریک آزادی جاری و ساری ہے۔

انہوںنے ایک بھارتی تحقیقاتی ادارے ’ این آئی اے‘ جس نے انہیں ایک جھوٹے مقدمے میں پوچھ گچھ کیلئے ایک مرتبہ پھر پیر کو نئی دلی طلب کیا ہے ، کا نام لیے بغیر کہا کہ حریت قیادت کو خاموش کرانے کیلئے بھارتی حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈے تنازعہ کشمیر کی ہیئت کو تبدیل نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمرفاروق نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے اور کشمیریوںکا گزشتہ70 برس سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ اس مسئلے کو انکی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔

میر واعظ نے کہا کہ کشمیری 1947ء سے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی لڑائی بھارتی حکومت کی اُن غلط پالیسیوں کے خلاف ہے جو اس نے کشمیریوں کی خواہشات کو دبانے کیلئے اپنا رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیریوں کی چوتھی نسل سڑکوں پر ہے اور آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری انصاف پسند لوگ ہیں اور وہ پر امن طریقے سے بھارت کو کشمیریوں کیساتھ کیے گئے اسکے وعدے یا د دلا رہے ہیں لیکن اس نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فوجی طاقت کے استعمال کی پالیسی اپنا رکھی ہے اور وہ بندوق کی نوک پر کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ اسکے ساتھ ساتھ وہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے ایک مذموم منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے ۔

میر واعظ نے کہا کہ بھارت نے اس وقت آزادی پسند کشمیریوں کیخلاف ایک بڑا کریک ڈائون شروع کر رکھا ہے جبکہ وہ اپنے تحقیقاتی اداروں این آئی اے، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ وغیرہ کو بھی کشمیریوں کو کے خلاف بڑے پیمانے پر استعمال کر رہا ہے لیکن غیر قانونی گرفتاریاں کشمیریوں کے لیے کئی نئی بات نہیں اور اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ان کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔ میر واعظ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائس چرچ کی مسجدوں میں ہونے والی دہشت گردی کی المناک کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کی دعا کی۔