سانحہ نیوزی لینڈ، دنیا بھر میں متاثرین سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری

نیویارک اورلندن کی مساجد کی سیکورٹی میں اضافہ،جمعے کے اجتماعات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،حکام

ہفتہ 16 مارچ 2019 13:28

سانحہ نیوزی لینڈ، دنیا بھر میں متاثرین سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) دنیا بھر میں سانحہ نیوزی لینڈ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، برطانوی پارلیمنٹ ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور ناروے کی کنزرویٹو پارٹی کے اجلاس میں نیوزی لینڈ میں مرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

نیویارک کے دو اسٹاک ایکس چینجز میں بھی کاروبار کے آغاز سے پہلے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملوں میں شہید افراد کی یاد میں لندن، بریڈ فورڈ اور برمنگھم سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد جبکہ ترکی میں مظاہرہ کیا گیا۔نیوزی لینڈ میں مساجد میں فائرنگ کے بعد لندن سمیت برطانیہ بھر میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا۔سربراہ انسداد دہشت گردی پولیسنگ نے کہاکہ برطانیہ بھر میں اضافی پٹرولنگ کا عمل اگلے چند روز تک جاری رہے گا۔ مساجد اور جمعے کے اجتماعات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔دوسری جانب نیویارک میں بھی مساجد کے باہر سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔